نئی دہلی، 24 جولائی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے اشوک کمار متل نے بدھ کے روز راجیہ سبھا میں کہا کہ 1985 میں کنشک طیارہ بم دھماکہ کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے سرگرمی سے کام کیا جانا چاہئے۔
مسٹر اشوک کمار متل نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ 23 جون 1985 کو بحر اوقیانوس کے اوپر کنشک طیارہ بم دھماکہ میں 329 لوگ مارے گئے تھے۔ ان میں سے 82 بچے تھے۔ یہ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ مہلوکین کی لاشیں نہ مل سکیں اور نہ ہی ان کی آخری رسومات ادا کی جا سکیں۔
مسٹر اشوک متل نے کہا کہ یہ طیارہ کناڈا سے پرواز کیا تھا اور کناڈا کی حکومت ہی اس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ تحقیقات گزشتہ 40 سال سے جاری ہیں اور اب تک صرف ایک شخص کو معمولی سزا دی گئی ہے۔ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین ابھی تک انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے فعال طور پر کام کیا جانا چاہیے۔