دہلی میں کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے تین طلباء کی موت کا معاملہ راجیہ سبھا میں اٹھایا گیا

0
0

نئی دہلی، 29 جولائی (یو این آئی) حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان اور کچھ دیگر ارکان نے دارالحکومت کے راجندر نگر میں ایک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے بیسمنٹ میں ڈوبنے سے تین طالب علموں کی موت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے ایوان میں تمام کارروائیاں روک کراس پر بحث کا مطالبہ کیا حالانکہ اپوزیشن کی اہم پارٹی کی رضامندی حاصل نہ ہونے پر چیئرمین نے کہا کہ اس پر وقفہ سوال کے بعد رول 176 کے تحت قلیل مدتی بحث ہوگی۔
چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کو ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس مسئلہ پر رول 267 کے تحت تحریک التواء کا نوٹس ملا ہے۔ یہ نوٹس مسٹرسدھانشو ترویدی، رام چندر جانگڈا، سریندر ناگر اور عام آدمی پارٹی کی سواتی مالیوال نے دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کی پرینکا چترویدی نے مہاراشٹر میں بدعنوانی کے معاملے پراور کانگریس کے پرمود تیواری نے ایک اور معاملے پر بحث کرانے کے لئے نوٹس دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی ملک کا مستقبل ہے لیکن ملک میں کوچنگ ایک کاروبار بن چکا ہے جس کی وجہ سے نوجوان طلباء کو مسائل کا سامنا ہے۔ اخبارات کے صفحہ اول اس سے متعلق اشتہارات سے بھرے پڑے ہیں۔ یہ ایک مسئلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کی اہمیت سے واقف ہیں اور اگر اہم پارٹیاں متفق ہوں تو وہ اس پر بحث کرانے کے لیے تیار ہیں، لیکن بات چیت سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس اس کے لیے تیار نہیں ہے۔
کچھ دیر بعد چیئرمین نے اہم جماعتوں کے رہنماؤں سے بات چیت کے بعد کہا کہ یہ مسئلہ نوجوانوں اور ملک کے مستقبل کی تعمیر سے متعلق ہے، اس لیے وقفہ سوالات کے بعد رول 176 کے تحت مختصر بحث کرائی جائے گی۔
قبل ازیں چیئرمین نے ایوان کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن رہے مسٹرپربھات جھا کے انتقال کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹرجھا نے اس ایوان میں لگاتار دو بارمدھیہ پردیش کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹرجھا ایک معروف صحافی، مصنف اور سماجی کارکن تھے۔ ان کے انتقال سے ملک ایک قابل پارلیمنٹیرین سے محروم ہو گیا ہے۔ اراکین نے آنجہانی ایم پی کو خاموشی اختیار کرکے خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا