دہشت گردی کو ختم کرنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں : پولیس سربراہ

0
0

پاکستان راجوری اور پونچھ اضلاع میں ملی ٹینسی کو پھر سے زندہ کرنے کی کوششوں میں مصروف
یواین آئی

جموں؍؍جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے بدھ کے روز کہاکہ دہشت گردی کا پوری طرح سے صفایا کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امسال پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر 99فیصد دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔موصوف پولیس سربراہ نے کہاکہ ایل او سی پر سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا جارہا ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں دہشت گردی پر قابو پانے کے بجائے اس سے ختم کرنے کی خاطر اپنی توجہ مبذول کر رہی ہیں۔پولیس چیف کے مطابق سرحد پار سے درانداز ی کی مسلسل کوششیں ہو رہی ہیں تاہم امسال 99فیصد دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال ایل او سی پر کئی انکاونٹر ہوئے جس دوران متعدد دراندازوں کو مار گرایا گیا اور ان کے قبضے سے ہتھیار و گولہ بارود اور منشیات کی کھیپ برآمد کی گئی۔ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں شمالی کشمیر میں ایل او سی اور جموں کے پیر پنچال میں دراندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا جس میں تقریباً ایک درجن کے قریب ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ایل او سی پر سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔سات اگست کو پونچھ ضلع میں ایل او سی پر حزب کمانڈر کی ہلاکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ پاکستان راجوری اور پونچھ اضلاع میں ملی ٹینسی کو پھر سے زندہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے بجائے اس کو پوری طرح سے ختم کیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔جموں وکشمیر میں سیکورٹی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس چیف نے کہاکہ حالات پوری طرح سے معمول پر آچکے ہیں اور لوگ بھی آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ کے قریب نگروٹہ میں گزشتہ روز ہی ایک آئی ای ڈی کو ناکارہ بنایا گیا او ریہ ظاہر کرتا ہے کہ ملک دشمن عناصر پر امن حالات میں رخنہ ڈالنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔سانبہ میں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر ٹیر گیس شلنگ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ قومی شاہراہ کو بند کرنے سے لوگوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر لوگوں کو کوئی شکایت ہے تو وہ ضلعی انتظامیہ تک پہنچائے تاکہ ان کا بروقت سدباب کیا جاسکے۔دلباغ سنگھ نے کہاکہ سڑکوں کو بند کرنے سے لوگوں کو مشکل میں ڈالنا کسی بھی صورت میں قانون کے دائرے میں نہیں آتا اور نہ ہی اس کی اجازت دی جائے گی۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا