خواتین اپنی پارٹی سے امیدیں وابستہ کر رہی ہیں: منجیت سنگھ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر جموں، غلام حسن میر نے خواتین کے معاشرے میں اہم کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیا ہے تاکہ انہیں تعلیمی، معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر ترقی دی جائے اور معاشرے کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔یاد رہے خواتین ونگ کی ایک میٹنگ صوبائی صدر وومن ونگ جموں پونیت کور نے یہاں اپنی پارٹی آفس، گاندھی نگر، جموں میں منعقد کی۔ اس میٹنگ میں صوبائی صدر جموں ایس منجیت سنگھ اور دیگر لیڈران نے بھی شرکت کی۔وہیںخواتین ونگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے غلام حسن میر نے خواتین ونگ کے کام کاج کا جائزہ لیا اور کچھ ایسے اقدامات تجویز کیے جن کو زمینی سطح پر مزید مضبوط بنانے کے لیے اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے خواتین کو پارٹی کی پالیسی اور ایجنڈے کے بارے میں آگاہ کرنے پر خواتین ونگ اور اس کی قیادت کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کا ماننا ہے کہ خواتین مکمل طور پر بااختیار نہیں ہیں۔ اس لیے خواتین کو مکمل طور پر بااختیار بنانے اور معاشرے کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے خواتین کو تعلیمی، معاشی، سیاسی اور سماجی بااختیار بنانا ضروری ہے۔دریں اثناء صوبائی صدر جموں ایس منجیت سنگھ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور خواتین ونگ کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین نے جموں و کشمیر میں مساوی ترقی کی پالیسی اور ایجنڈے سے متاثر ہو کر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔اس موقع پر پونیت کور، صوبائی صدر، خواتین ونگ، جموں نے بھی تنظیمی کاموں کی وضاحت کی۔