حکومت کو بجٹ میں کانگریس کے منشور کے پانچ اور وعدوں کو بھی شامل کرنا چاہئے: چدمبرم

0
0

ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور وزیر خزانہ نے بجٹ میں صرف دس الفاظ میں اس موضوع کو مسترد کر دیا
یواین آئی

نئی دہلی؍؍کانگریس نے عام بجٹ میں اپنے انتخابی منشور کی کچھ اسکیموں کو شامل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے انتخابی منشور میں شامل منریگا میں کم از کم اجرت میں اضافہ ، فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت کی ضمانت، اگنی پتھ اسکیم اور نیٹ امتحان کے نظام کو ختم کرنے کے وعدوں کو پورا کرنے کی بھی درخواست کی۔
سابق مرکزی وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے منگل کو راجیہ سبھا میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ذریعہ پیش کئے گئے عام بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ وزیر خزانہ نے کانگریس کا منشور پڑھا اور اس میں کہی گئی کچھ باتیں وہیں سے اٹھا کر بجٹ میں شامل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے اور کانگریس مطالبہ کرتی ہے کہ اپنے منشور میں کئے گئے وعدے کے مطابق حکومت منریگا کے تحت کم از کم اجرت کو بڑھا کر 400 روپے یومیہ کرے، فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت کی ضمانت دے اور فوج میں سپاہیوں کی بھرتی اگنی پتھ اسکیم کو مکمل طورپر منسوخ کرے اور میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے نیٹ امتحان کی شرط کو ہٹا کر اسے ریاستوں کے لیے اختیاری بنانے کے مطالبے کو بھی نافذ کرے۔
انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اس وقت ملک کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے اور گزشتہ جون میں بے روزگاری کی شرح 9.2 فیصد تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے ایمپلائمنٹ انسینٹیو اسکیم (ای ایل آئی) نافذ کرنے کی بات کہی ہے، لیکن پہلے یہ بتائے کہ پروڈکشن انسینٹیو اسکیم (پی ایل آئی) کا نتیجہ کیا نکلا اور اس سے کتنی ملازمتوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ای ایل آئی کے ذریعے روزگار کے کتنے مواقع پیدا ہوں گے اس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا اور اس کے لیے صرف پانچ سو کمپنیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس سے اعتماد پیدا ہوتا نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم دلچسپ ہے لیکن اس کے نتائج کیا ہوں گے یہ تب ہی پتہ چلے گا۔
مسٹر چدمبرم نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کی حالت ایسی ہے کہ اتر پردیش پولیس میں 60 ہزار آسامیوں کے لیے 60 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں اور بعد میں اس امتحان کو منسوخ کرنا پڑا۔ پانچ سیٹوں کے لیے ایک ہزار لوگ نوکری لینے گجرات پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک نے کہا ہے کہ ملک میں نوکریوں کا کوئی بحران نہیں ہے اور حیرت کی بات ہے کہ حکومت نے بھی اس سے انکار نہیں کیا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ بہت عجیب بات ہے کہ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور وزیر خزانہ نے بجٹ میں صرف دس الفاظ میں اس موضوع کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کا یہ رویہ زخم پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے اور حکومت مہنگائی کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ میں چیف اکنامک ایڈوائزر نے اقتصادی سروے میں کہا ہے کہ ہندوستان میں افراط زر کی شرح کم ہے اور یہ چار فیصد کے ہدف کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اگر یہ سچ ہے تو بینک ریٹ پچھلے 13 ماہ سے 6.5 فیصد پر کیوں پھنسا ہوا ہے؟ آپ کہہ رہے ہیں کہ پچھلے سال ترقی کی شرح 8.5 فیصد تھی اور اس سال یہ 7 فیصد کے آس پاس رہنے کا اندازہ ہے تو حکومت بتائے کہ اس کے فوائد لوگوں کو کیوں نہیں مل رہے اور لوگ اس کے ثمرات کیوں حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس دہندگان کو ریلیف دینے کا دعویٰ کیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اس سے ٹیکس دہندگان کی بہت کم تعداد کو فائدہ پہنچے گا۔کانگریس لیڈر پر غیر بی جے پی ریاستوں کو امداد نہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش اور بہار کو امداد دی جارہی ہے لیکن دوسری ریاستوں کا کیا ہوگا۔بحث میں حصہ لیتے ہوئے، بی جے پی کے ڈاکٹر رادھا موہن داس اگروال نے کہا کہ غریب، نوجوان، خواتین اور کسان وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے کام کرنے والے نظام کا مرکز ہیں۔ انہوں نے جل جیون مشن، آیوشمان، صفائی مشن اور گھر گھر بیت الخلائ￿ جیسی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اسکیموں سے عام آدمی کی زندگی میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستان کی معیشت مسلسل تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس جو آج بے روزگاری کی شرح بڑھنے کی بات کرتی ہے، اس نے اپنے دور حکومت میں کبھی بے روزگاری کی شرح کا حساب نہیں لگایا۔ کانگریس کے دور میں ہندوستان کا مالیاتی خسارہ 2012-13 میں 12 فیصد تک پہنچ گیا۔ این ڈی اے کے دور حکومت میں یہ 2028 میں کم ہو کر چار فیصد پرآ جائے گا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کی حکومتوں نے ملک کا سونا دو بار بیرون ملک گروی رکھا تھا، جب کہ مودی حکومت 31 مئی کو اس میں سے 100 ٹن ملک واپس لائی تھی۔ ہندوستان کا قرض پوری دنیا کے ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے اور جی ڈی پی کا 85 فیصد ہے۔ ہندوستان دنیا میں اپنے شہریوں سے سب سے کم ٹیکس وصول کرتا ہے۔ آج ہندوستان میں ایک عام آدمی کی آمدنی 2 لاکھ 12 ہزار روپے ہے جبکہ 2014 میں یہ صرف 85 ہزار روپے تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کہہ رہی ہے کہ ملک میں پیسہ نہیں ہے لیکن اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ ملک میں گاڑیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور لوگ بڑی تعداد میں مکان خرید رہے ہیں۔ سڑکوں پر ٹول ٹیکس کی وصولی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے 24 کروڑ سے زائد لوگ خط افلاس سے باہر نکل آئے ہیں۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کانگریس کے دور میں 4.5 فیصد سے کم ہو کر 0.7 فیصد پر آ گیا ہے۔ معاشی ماہرین کی نظر میں ہندوستان کا متوقع انڈیکس 124.7 فیصد رہے گا۔بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے جواہر سرکار نے کہا کہ مرکزی بجٹ 2024-25 کا بنیادی تصور ہی خراب ہے۔ یہ سرمایہ داروں کی حمایت کرتا ہے اور انہیں مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اینجل ٹیکس ختم کر دیا، باقی ڈیول ٹیکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، دہلی اور کرناٹک سمیت بنگال جیسی ریاستوں کو کچھ نہیں ملا ہے۔ غریب آدمی کے لیے کوئی خاص انتظام نہیں کیا گیا۔ منریگا میں مختص رقم بڑھائی جانی چاہئے۔ اس سے دیہی معیشت کو تقویت ملتی ہے اور غریب لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم پر مختص رقم بڑھائی جانی چاہئے۔
دراوڑ منیترا کزگم کے این آر ایلانگو نے کہا کہ تمام ریاستوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔ اس بجٹ میں ریاستوں کے درمیان امتیازی سلوک کیا گیا ہے۔ تمل ناڈو صنعت کے شعبے میں سب سے آگے ہے اور ٹیکس کلکشن میں اہم ہے لیکن ریاست کو اس کا منصفانہ حصہ نہیں ملا ہے۔ ریاست میں بنیادی ڈھانچے کی اسکیمیں شروع کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ انہوں نے میڈیکل ایجوکیشن میں داخلے کے لیے نیٹ امتحان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ ایک خراب نظام ہے۔ انہوں نے ریاستوں کو مزید مالی خود مختاری دینے کا مطالبہ کیا۔
بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سنجیو اروڑہ نے کہا کہ صحت کے شعبے کے لیے مختص رقم میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ مقامی سطح پر صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ صحت کے شعبے میں ذاتی اخراجات تقریباً 50 فیصد ہیں جنہیں کم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے حکومت کو صحت کے شعبے میں اخراجات میں اضافہ کرنا چاہیے۔ اس سے عام لوگوں کو طاقت ملتی ہے اور معیشت پر اس کا مثبت اثر پڑتا ہے۔
بیجو جنتا دل کے سوجیت کمار نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور بجٹ میں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ بہار اور آندھرا پردیش کو خصوصی بجٹ امداد مل رہی ہے۔ دوسری ریاستوں کو بھی یہ امداد ملنی چاہیے۔ اوڈیشہ کو اس طرح کے بجٹ کی مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے لیے مختص رقم ضرورت کے مطابق نہیں ہے۔ کھیلوں کے لیے مختص رقم میں بھی اضافہ کیا جائے۔ مدرا لون کی طرح دیگر لون اسکیموں کے قرض کی حد میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ چھوٹی صنعتوں کو راحت دینے کی ضرورت ہے اور ان کی تعمیل کو کم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی زبانوں کے تحفظ کے لیے خصوصی کوششیں کی جانی چاہئیں۔
شیوسینا کے ملند مرلی دیوڈا نے کہا کہ بجٹ میں روزگار پیدا کرنے کا بندوبست ہونا چاہیے۔ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے اور خواتین کے کردار کو بڑھانے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ترنمول کانگریس کی ساگاریکا گھوش نے کہا کہ اس حکومت کے دور میں ملک میں عدم مساوات کا دور آگیا ہے جس میں صرف کچھ ریاستوں کو خصوصی پیکیج دیا جا رہا ہے۔ یہ جمہوری نظام کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کو اقتصادی بندش کا سامنا ہے۔ ریاست کو پردھان منتری آواس یوجنا اور منریگا کے تحت فنڈز نہیں دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو، کیرالہ اور پنجاب کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی اسکیموں کا شفاف طریقے سے آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔
ترنمول لیڈر نے کہا کہ حکومت صنعت کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ دے سکتی ہے لیکن کسانوں کو ان کی فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال مہاراشٹر میں 1200 کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ حکومت کو بے روزگاری کے مسئلے کو تسلیم کرنے میں دس سال لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ میں لائی گئی روزگار کی ترغیب کی اسکیم محض ایک اشتہار کی طرح ہے اور اس سے بے روزگاری کا مسئلہ حل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ امیر لوگ شادی بیاہ پر لاکھوں روپے خرچ کر رہے ہیں لیکن عام آدمی کو دو وقت کا کھانا حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔ چھوٹے یونٹس پریشانی کے دور سے گزر رہے ہیں۔ بجٹ میں منریگا، ریلوے اور کم از کم امدادی قیمت کے بارے میں کوئی بات نہیں کہی گئی ہے۔
آسام گن پریشد کے بیریندر پرساد ویشیہ نے آسام میں پہلی بار سیمی کنڈکٹر فیکٹری لگانے کے لیے 24 ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹ کو منظوری دینے کے لیے مودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ریاست میں پٹرولیم صنعت کو بحال کرنے کے لئے 85 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔مسٹر ویشیہ نے آسام میں برہم پترا میں سیلاب کے بار بار آنے والے مسئلے کو حل کرنے کے لیے چین سے بات کرنے کی اپیل کی۔
بی جے پی کے دیپک پرکاش نے بجٹ تجاویز کی حمایت کرتے ہوئے سال 2024-25 کے بجٹ کو ایسا بجٹ قرار دیا جو ایک مکمل ‘تعلیم یافتہ ہندوستان’ کی بنیاد رکھے گا اور ‘پورودیا’ اسکیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جھارکھنڈ سمیت مشرقی ریاستوں کی تیز رفتار ترقی ہوگی۔ انہوں نے بجٹ میں سڑکوں کے لیے بہار کو دی گئی کچھ اضافی امداد کے خلاف احتجاج میں اپوزیشن کے واک آؤٹ کو "انتہائی تکلیف دہ” قرار دیا اور سوال کیا کہ اس التزام پر "اپوزیشن کو پسینہ کیوں چھوٹ رہا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کی اسی سوچ کی وجہ سے عوام نے انہیں ان کے صحیح مقام (اپوزیشن) پر بٹھایا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا