یواین آئی
نئی دہلی؍؍کینیڈا میں بڑھتی ہوئی ہندوستان مخالف سرگرمیوں، سیاسی طور پر منافرت پر مبنی جرائم اور مجرمانہ تشدد کے پیش نظر حکومت نے وہاں رہنے والے تمام ہندوستانی شہریوں اور وہاں سفر کرنے کے خواہشمندوں کو انتہائی احتیاط برتنے اور وہاں رہنے والوں کو ہندوستانی مشنوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔وزارت خارجہ نے آج یہاں ایک ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے یہ درخواست کی ہے۔ کینیڈا میں، خاص طور پر ہندوستانی سفارت کاروں اور ہندوستانی کمیونٹی کے ان حصوں کو دھمکانے کی حالیہ کوششیں کی گئی ہے جو ہندوستان مخالف ایجنڈے کی مخالفت کرتے ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے، "اس لیے ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کینیڈا میں ان علاقوں اور ممکنہ مقامات کا سفر کرنے سے گریز کریں جہاں اس طرح کے واقعات پیش آئے ہیں۔”ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ہندوستانی ہائی کمیشن/قونصلیٹ کینیڈا میں ہندوستانی کمیونٹی کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کینیڈین حکام کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔ کینیڈا میں سیکورٹی کے بگڑتے ہوئے ماحول کے پیش نظر، خاص طور پر ہندوستانی طلباء کو انتہائی احتیاط برتنے اور چوکنا رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ایڈوائزری میں یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ کینیڈا میں ہندوستانی شہریوں اور طلباء کو اوٹاوا میں ہندوستان کے ہائی کمیشن یا ٹورنٹو اور وینکوور میں ہندوستان کے قونصلیٹ جنرل کے ساتھ اپنی متعلقہ ویب سائٹس یا مدد کے پورٹلز کے ذریعہ رجسٹر کرنا ہوگا۔ رجسٹریشن ہائی کمیشن اور قونصلیٹ جنرل کو کسی بھی ہنگامی یا ناخوشگوار واقعے کی صورت میں کینیڈا میں ہندوستانی شہریوں سے بہتر طور پر رابطہ قائم کرنے کے قابل بنائے گی۔