یواین آئی
ممبئی؍؍ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کے طور پر جے شاہ کی مدت کار میں بدھ کو اتفاق رائے سے ایک سال کی توسیع کر دی گئی۔اے سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں جے شاہ کی توسیع کی تجویز سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کے صدر شمی سلوا نیدوسری بارپیش کی تھی اور نامزدگی کو اے سی سی کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر حمایت دی تھی۔ شاہ نے جنوری 2021 میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن سے اے سی سی کی باگ ڈور سنبھالی، جس سے وہ اے سی سی کے صدر کے طور پر دوبارہ تعینات ہونے والے سب سے کم عمر ایڈمنسٹریٹر بن گئے۔شاہ کی قیادت میں اے سی سی نے پورے ایشیائی خطے میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی میں نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے۔ خاص طور پر اے سی سی نے 2022 میں ٹی 20 فارمیٹ اور 2023 میں او ڈی آئی فارمیٹ میں ایشیا کپ کا کامیابی سے انعقاد کیا، جس میں کرکٹ کے بڑے ایونٹس کی میزبانی میں ایشیا کی صلاحیت کا مظاہرہ ہوا۔شمی سلوا نے کہا ’’جے شاہ نے اے سی سی کو پورے ایشیائی خطے میں کرکٹ کو فروغ دینے اور ترقی دینے میں اہم پیش رفت کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شاہ کی رہنمائی میں، اے سی سی نے بنگلہ دیش، ہندوستان، پاکستان اور سری لنکا جیسی کرکٹ کی سپر پاورز میں نئے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور اسے فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘عمان کرکٹ کے صدر اور اے سی سی کے نائب صدر پنکج کھمجی نے کہا کہ میں نے جے شاہ کے ساتھ طویل عرصے تک کام کیا ہے۔ وہ نہ صرف ممبر بورڈز کے درمیان تعاون کے جذبے کو فروغ دینے میں کامیاب رہے ہیں بلکہ انہوں نے اے سی سی کی مالی اور تجارتی پوزیشن کو بھی نمایاں طور پر بڑھایا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر اور اے سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن نظم الحسن نے شاہ کی دوبارہ تقرری کا خیرمقدم کیا اور کہا ‘‘میں جے شاہ اور اے سی سی کے تمام اراکین کو ان کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے متفقہ طور پر ووٹ دینے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ شاہ کی قیادت میں، اے سی سی نے نئی بلندیاں حاصل کی ہیں اور انہوں نے زمنی سطح کی کرکٹ کی ترقی اور مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔‘‘