کہادور دراز، پہاڑی علاقوں نے مودی دور میں بے مثال ترقی کا مشاہدہ کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں ریاسی پارلیمانی حلقہ کے لیے بی جے پی کے امیدوار، جگل کشور شرما نے بدوئی، ٹیکداوان ناردی، مائرہ مندریاں،چوکی چورہ ، گرتال، اردھان، کٹھار، کیور، گنگال، مجور، گھر میں انتخابی مہم کے دوران عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ان کے ساتھ ڈی ڈی سی کے وائس چیئرمین سورج سنگھ، ڈی ڈی سی ممبر پنڈت سریش شرما، اکھنور ضلع صدر راجیو شرما، ضلع پربھاری برجیشور سنگھ رانا اور دیگر لیڈران بھی تھے۔جگل کشور شرما نے ان جلسوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے پی ایم نریندر مودی کی قیادت میں متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کو بڑھا کر شہری اور دور دراز، پہاڑی علاقوں کے درمیان فاصلہ کم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سالوں کے دوران ایسے تمام علاقوں میں بے مثال ترقی دیکھی گئی ہے جو کانگریس اور علاقائی پارٹیوں کی یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں کے ذریعہ بنیادی سہولتوں سے بھی محروم تھے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے رابطے کے منصوبوں کی ایک بڑی تعداد نے سفر اور آمدورفت کے بہتر اور ہموار ذرائع فراہم کیے ہیں، نل کے ذریعے پینے کا پانی لوگوں تک پہنچا ہے، بیت الخلاء ، غریبوں کو گھر، بی پی ایل خاندانوں کو مفت گیس سلنڈر فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں میں ہر شہری کو مفت صحت کی سہولت کے لیے آیوشمان گولڈ ہیلتھ کارڈ فراہم کیا گیا ہے، نئے اسکول بنائے گئے ہیں اور موجودہ اسکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
جگل نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پورے علاقے میں لوگ بڑی تعداد میں بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں کیونکہ وہ پی ایم نریندر مودی کے گڈ گورننس ماڈل سے متاثر ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پہلی بار اس سابقہ ریاست کے لوگوں نے تمام شعبوں میں حقیقی ترقی کا مشاہدہ کیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لیے پچھلے دس سالوں کے دوران جو کچھ بھی کیا گیا ہے، خاص طور پر آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد، وہ خود اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بی جے پی حکومت کی فکر اور عزم کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں جو ناممکن ہوتا وہ بی جے پی نے کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے پہلی بار پنچایتی راج اداروں کے انتخابات کروا کر جمہوریت کو نچلی سطح تک پہنچایا۔انہوں نے مزیدکہاکہ مودی دور میں دور دراز، پہاڑی علاقوں کی پسماندگی کے دن ختم ہو چکے ہیں۔ جگل نے کہاکہ لوگ باوقار زندگی گزار رہے ہیں اور بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔جگل نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو ووٹ دیں اور انہیں ان کی خدمت کا ایک اور موقع فراہم کریں کیونکہ بی جے پی کی جیت کا مطلب اگلے پانچ سالوں تک مزید ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کو جاری رکھنا ہے۔