سیول، 16 جولائی (یو این آئی) جنوبی کوریا میں شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 30 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ 10 سے زیادہ لوگ لاپتہ ہیں۔
جنوبی کوریا کی پلاننگ نیوز ایجنسی نے اتوار کو اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ اس سے قبل ہفتہ کو ایجنسی نے سینٹرل ڈیزاسٹر اینڈ سیکیورٹی ریسپانس ہیڈکوارٹر کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے دوران کم از کم سات افراد ہلاک، سات زخمی اور تین لاپتہ ہیں۔
ڈیزاسٹر حکام نے اتوار کو بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔ زیادہ تر اموات جنوبی کوریا کے جنوب مشرقی صوبے شمالی گیونگ سانگ میں لینڈ سلائیڈنگ اور عمارت گرنے سے ہوئی ہیں جہاں تودے گرنے اور عمارت کے گرنے سے 17 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق 10 سے زائد افراد لاپتہ ہیں اور 13 شہروں اور صوبوں میں 7500 سے زائد افراد کو ان کے گھروں سے نکالا گیا ہے۔جنوبی کوریا میں 200 سے زیادہ سڑکیں بند ہیں اور تمام ٹرینوں کا آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔ اتوار کو کل 12 پروازیں منسوخ کی گئیں۔