جمہوریت یرغمال بناڈالی مودی ’اورنگ زیب سے بھی بڑا ظالم آمر‘: :کانگریس

0
0

یواین آئی

نئی دہلیکانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ‘اورنگ زیب سے بھی بڑا ظالم آمر’ قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ انہوں نے پوری جمہوریت کو یرغمال بنادیا ہے اور 43 سال پرانے ایمرجنسی کی بات کرکے اپنی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی سلطنت کی تاریخ میں بے رحم بادشاہ اورنگ زیب نے صرف اپنے والد کو ہی قید کیا تھا لیکن مسٹر مودی نے پوری جمہوریت کو ہی یرغمال بنادیا ہے ۔ مسٹر مودی بے لگام باتیں کررہے ہیں اور اقتدارکے انا میں ڈوب گئے ہیں اور اب ملک کے عوام 2019میں انہیں سبق سکھادیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے آدھے ادھورے جی ایس ٹی نافذ کرنے اور نوٹ بندی جیسے فیصلوں سے ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے ۔ گذشتہ 49ماہ سے ملک میں خوف اور دہشت کا ماحول ہے ۔ دلتوں ، غریبوں، قبائلیوں ، خواتین اور اقلیتوں کے ساتھ تشدد کے واقعات ہورہے ہیں۔ یہ خوف کے ماحول کا ہی نتیجہ ہے کہ سپریم کورٹ کے چارسینئر جج عوام کے سامنے آکر اپنی بات رکھنے کے لئے مجبور ہورہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مسٹر مودی ڈکٹیٹر کی طرح کام کرتے ہیں۔ ان کے کام کرنے کا طریقہ وہی ہے جوایک بے رحم ڈکٹیٹر کا ہوتا ہے ۔ حکومت کے تمام فیصلے صرف ایک شخص کررہاہے اور اب ریزرویشن ختم کرنے کی سمت میں قدم بڑھائے جارہے ہیں۔ مودی حکومت آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے ساتھ مل کر ریزرویشن پر نظرثانی کررہی ہے ۔ مودی حکومت نے شیڈولڈ کاسٹ اور شیڈولڈٹرائب کے ترقیاتی کاموں کے لئے بجٹ کم کردئے ہیں۔ مسٹر سرجے والا نے کہا کہ تاریخ کا سہارا لے کر مسٹر مودی اپنی حکومت کی ناکامیوں کوچھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایمرجنسی کی بات کرکے وہ ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ملک میں 43 سال قبل 21دن کے لئے ایمرجنسی نافذ کیا گیا تھا لیکن مسٹر مودی کے 49ماہ کے دور اقتدار میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی ایسے ‘ڈکٹیٹر ‘ ہیں جو پبلک پلیٹ فارم سے ڈرانے دھمکانے کا کام کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جو ان کی بات نہیں مانیں گے اور ان کے احکامات کی پیروی نہیں کریں گے انہیں مرکز سے ملنے والی امداد سے محروم کیا جاسکتا ہے ۔ ایک شخص کی مدح سرائی کے لئے مودی حکومت عوام کے کروڑوں روپے پانی کی طرح بہارہی ہے ۔ آئین کے اصولوں کو پارلیمنٹ کے اندر یرغمال بنایا جارہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت میں اصولوں اور قدروں کو مسلسل کچلا جارہا ہے اور یہ اس حکومت کا’چال، چرتر اور چہرہ’ بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کا ذکر کرکے تباہ حال معیشت کو بچایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی ملک کے نوجوانوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں سے بچا جاسکتاہے ۔ مودی حکومت سازش کرکے اب جملوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی ہے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا