جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے: کھڑگے

0
67

کہاوزیر اعظم نریندر مودی اپوزیشن کو روکنے کی ہر ناجائز کوشش کر رہے ہیں
یواین آئی

نئی دہلی؍؍کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اتوار کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپوزیشن کو روکنے کی ہر ناجائز کوشش کر رہے ہیں اور جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لئے آخری سانس تک جدو جہد کی جائے گی۔مسٹر کھڑگے نے یہاں کے تاریخی رام لیلا میدان میں اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا گروپ کی ’جمہوریت بچاؤ مہاریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم تنوع میں اتحاد کی علامت ہے۔ رام لیلا میدان میں انڈیا اکٹھا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا ہے کہ مسٹر مودی نے اپوزیشن کو اکٹھا ہونے سے روکنے کی ہر ناجائز کوشش کی ہے۔سب سے پہلے انہوں نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے کے لئے دباؤ ڈالا۔ جب وہ نہ مانے تو گرفتار کر لیا گیا۔ اس دوران جھارکھنڈ اور ہماچل کی حکومتوں کو گرانے کی کوششیں بھی کی گئیں۔ اس سب کے بعد کانگریس پارٹی کے کل 12 کھاتوں کو منجمد کر دیا گیا۔ نوٹس پر نوٹس بھیجے جا رہے ہیں۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ منصفانہ انتخابات جمہوریت کی روح ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں مواقع کا ہونا سب سے ضروری ہے۔ انڈیا گروپ ان انتخابات میں ملک کے بنیادی سوالات اٹھاتا رہے گا۔مسٹر مودی کے 10 سال کے سیاہ کارناموں کا حساب ان انتخابات میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، محکمہ انکم ٹیکس اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) برسوں تک خاموش رہتے ہیں اور اسمبلی یا لوک سبھا انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے اتحادی بن جاتے ہیں۔ یہ تنظیمیں صرف اپوزیشن لیڈروں سے انتقام لینے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ وہ اپوزیشن کی حکومتوں کو گرانے میں سب سے اہم رول ادا کرتی ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکمراں پارٹی کے گناہگاروں اور دوسری پارٹیوں سے بی جے پی میں آنے والوں کی فائلیں بند کردی جاتی ہیں۔مسٹر کھڑگے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے 14 لاکھ روپے کی نقد رقم پر 135 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ بی جے پی نے 42 کروڑ روپے کے جمع پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ 42 کروڑ روپے کے حساب سے بی جے پی پر 4600 کروڑ کا جرمانہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران الیکٹورل بانڈ گھپلہ میں بی جے پی کی طرف سے تقریباً 8250 کروڑ روپے کی وصولی کا معاملہ سامنے آیا ہے اور مسٹر مودی کے اس گھپلہ کی خبر کو دبانے کے لئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کانگریس صدر نے کہا کہ اب تک کے سب سے بڑے انتخابی چندہ گھپلہ کے انکشاف کے بعد بی جے پی کی حقیقت پوری دنیا کے سامنے ہے۔ بی جے پی نے ای ڈی اور سی بی آئی کو ڈرا دھمکا کر پیسہ اکٹھا کیا ہے۔ جن سے بی جے پی نے چندہ لیا ہے ان کو ہزاروں کروڑ روپے کے پروجیکٹ دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسے لوٹ، ڈکیتی یا ہفتہ وصولی نہیں تو کیا کہیں۔
مسٹر کھڑگے نے الزام لگایا کہ بی جے پی جو اسکیم شفافیت کے نام پرلاتی ہے وہ گھپلہ ثابت ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ الیکٹورل بانڈز اور پرائم منسٹر کیئر فنڈ کو بھی گھپلوں میں تبدیل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی اے جی نے مودی حکومت کے کئی محکموں میں بڑے گھپلوں کا پردہ فاش کیا ہے۔ ان میں نہ تو کسی کو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی کوئی تفتیش کی گئی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا