جموں یونیورسٹی میںدوروزہ قومی سیمی نار اختتام پذیر

0
88

برصغیر کی معروف غزل گلوکارہ سیما انیل سہگل نے غزلیں گا کر سامعین کو محظوظ کیا
لازوال ڈیسک

جموں؍؍جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈلنگویجزاور شعبہ اردو جموں یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’’اردو زبان وادب کی ترقی میں غیر مسلم افسانہ نگاروں کاحصہ ‘‘موضوع پر دو روزہ قومی سیمینار پروقارشام ِغزل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ برصغیر کی معروف غزل گلوکارہ سیما انیل سہگل نے وہ غزلیں گا کر سامعین کو محظوظ کیا جو انہوں نے اس وقت کے وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ پاکستان کے دورے کے دوران پیش کی تھیں۔ غزل گائیکی کا پروقار پروگرام علی سردارجعفری ،احمدفرازاورفراق گورکھپوری کی شاعری پر مشتمل تھا جسے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے طلباء ، اسکالرز اور مندوبین نے خوب سراہا۔
اس سے قبل دو تکنیکی اجلاس منعقدہوئے جن میں غیر مسلم افسانہ نگاروں کے افسانوں سے متعلق مختلف تحقیقی مقالات پیش کئے گئے۔پہلے اجلاس کے مقالہ نگارحضرات میں پروفیسر صغیر افراہیم (علی گڑھ مسلم یونیورسٹی)، پروفیسر شہاب عنایت ملک (جموں یونیورسٹی)، پروفیسر ابوبکر آباد (دہلی یونیورسٹی)، پریمی رومانی، ڈاکٹر ٹی آررینا(جموں) ، ڈاکٹر کوثر رسول (کشمیر یونیورسٹی)، ڈاکٹر چمن لال (جموں یونیورسٹی)، ڈاکٹر فرحت شمیم (جموں یونیورسٹی) اور ڈاکٹر شہناز قادری (ڈگری کالج مجالتہ)نے پیش کئے۔ پہلے تکنیکی اجلاس کی صدارت پروفیسر خواجہ اکرام الدین (جے این یو)، پروفیسر فضل اللہ مکرم (سنٹرل یونیورسٹی حیدرآباد) ، پروفیسر صغیر افراہیم (اے ایم یو) اورڈاکٹرشاہ نوازچوہدری نے کی۔
دوسرے تکنیکی اجلاس میں پروفیسر مشتاق عالم قادری (دہلی یونیورسٹی)، پروفیسر اسد اللہ وانی (جموں)، ڈاکٹر الطاف حسین (سرینگر)، ڈاکٹر آصف ملک (باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری)، ڈاکٹر عبدالحق نعیمی(راجوری)اورڈاکٹرجاویداقبال نے مختلف موضوعات پرمقالات پیش کئے۔دوسرے تکنیکی اجلاس کی صدارت خالد حسین، پروفیسر مشتاق عالم قادری اور ڈاکٹر ٹی آر رینا نے کی۔ ڈاکٹر چمن لال (شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی )اورڈاکٹر عبدالرشید منہاس (شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی )نے بالترتیب دو تکنیکی اجلاس کی نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ پروفیسر شہاب عنایت ملک، شعبہ اردو،جموں یونیورسٹی اورڈاکٹرشاہ نواز ،کلچرل آفیسرجموں اینڈکشمیراکیڈیمی آف آرٹ کلچراینڈلنگویجز نے شکریہ کی تحاریک پیش کیں۔
پروفیسرشہاب عنایت ملک نے بتایا کہ مستقبل قریب میں جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگوئجز کے اشتراک سے ’’جموں و کشمیر میں اردو زبان و ادب کی ترقی میں ڈوگرہ حکمرانوں کا کردار‘‘کے موضوع پر ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ رسا جاودانی مرحوم کی برسی کے موقع پر 27 مئی 2024 کو اُردو اور کشمیری کے شاعر رسا جاودانی کی زندگی اور خدمات کے موضوع پر ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ’’اردو ادب کی ترقی میں غیر مسلم افسانہ نگاروںکاحصہ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ قومی سیمینار کا افتتاح یکم مئی 2024 کو پرنسپل سکریٹری ثقافت سریش کمار گپتا نے کیا تھا۔انھوں نے اپنے خطاب میں اُردو کو ہندوستانی زبان قرار دیتے ہوئے کہاکہ اُردوادیبوں نے قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اہم رول اداکیاہے۔ افتتاحی تقریب کی صدارت پروفیسر خواجہ اکرام الدین نے کی جبکہ کلیدی خطبہ پروفیسر صغیر افراہیم (اے ایم یو) نے پیش کیا تھا۔ پروفیسر شہاب عنایت ملک صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی نے مہمانوں کااستقبال کیا۔دو روزہ قومی سیمینار میں طلباء ، اسکالرس، فیکلٹی ممبران اور سول سوسائٹی کے اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا