’خوف کا ماحول بنا کر نفرت پھیلائی جا رہی، میڈیا عوامی ایشوز کی جگہ مودی جی کا چہرہ دکھا رہی‘، پٹھان کوٹ میں راہل گاندھی کا خطاب
جان محمد
جموں؍؍بھارت جوڑو یاترا کے آخری مرحلے کے لیے جمعرات کی شام جموں و کشمیر پہنچنے والے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا درد سننے اور بانٹنے آئے ہیں۔”یہ گھر لوٹنے کی طرح محسوس ہوتا ہے۔ میرا خاندان ایک وقت میں جموں و کشمیر سے اتر پردیش چلا گیا تھا۔ ایک بار جب آپ اپنی جڑوں میں واپس آجاتے ہیں، تو آپ لوگوں، جگہ اور ملک کے بارے میں بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ میں جموں و کشمیر میں لوگوں کی تکالیف سے واقف ہوں، کیونکہ ان سب کو ان کے مذہب یا ذات سے قطع نظر تکلیف ہوئی ہے۔ میں ان کے سامنے سر جھکاتا ہوں۔ میں یہاں آپ کے درد کو سننے اور بانٹنے اور اپنے نو روزہ قیام کے دوران آپ سے سیکھنے کے لیے حاضر ہوں،” مسٹر گاندھی نے کہا۔تفصیلات کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ جموں و کشمیر پہنچ گئی ہے۔ جمعرات کے روز راہل گاندھی نے پنجاب کے پٹھان کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کیا، اور پھر فیروز کلاں سے لکھن پور کے راستے یاترا کے ساتھ کٹھوعہ میں داخل ہوئے۔ اب 20 جنوری کی صبح جموں و کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا شروع ہوگی۔ آج جب پنجاب اور جموں و کشمیر کی سرحد پر یاترا پہنچی تو ’فلیگ ایکسچینج‘ کا عمل انجام پایا۔ اس موقع پر بھارت یاتری پْرجوش نظر آئے اور اتحاد و سالمیت کا پیغام لے کر آگے بڑھے۔اس سے قبل پنجاب میں اپنی یاترا کے آخری دن پٹھان کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ تین سیاہ قوانین سے جو کچھ کسانوں کے ساتھ ہوا، وہی اگنی ویر منصوبہ سے جوانوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی نے مرکز کی عوام مخالف پالیسیوں پر سخت حملہ کیا۔ ساتھ ہی راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بی جے پی کی کوشش ہے کہ لوگوں کو ڈرا کر ان کی تپسیا (محنت) کا پھل دو تین ارب پتیوں کو دیا جائے۔ خوف کا ماحول بنا کر نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ میڈیا میں ہر وقت نریندر مودی کا چہرہ دکھایا جاتا ہے۔ غلط جی ایس ٹی، نوٹ بندی، کسان کو کھاد کا مسئلہ میڈیا میں نظر نہیں آتا۔ آپ کی جیب کاٹی جا رہی ہے۔ ان ایشوز پر لوگوں کی توجہ نہ جائے، اس لیے یہ سب نہیں دکھایا جاتا۔‘‘راہل گاندھی نے پنجاب حکومت کے تعلق سے بھی کچھ اہم باتیں لوگوں کے سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے بھگونت مان سے کہا ہے کہ پنجاب کو ریموٹ کنٹرول سے نہ چلنے دیجیے۔ میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ میرے ساتھ لوک سبھا میں بیٹھے تھے۔ آپ میں اور اروند کیجریوال میں بہت فرق ہے۔ پنجاب کو دہلی سے نہیں چلایا جانا چاہیے۔‘‘ ساتھ ہی راہل گاندھی نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ ’’ہم عآپ سے لڑیں گے اور اسے شکست دیں گے۔ پنجاب کے پیسے سے گجرات میں اشتہار دیے جائیں، یہ غلط ہے۔‘‘جلسہ عام سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش، کرناٹک، مہاراشٹر سمیت 6 حکومتیں چوری کی ہیں۔ میں انھیں چور کہوں یا کیا کہوں؟ کسی کو پیسے، لالچ یا انکم ٹیکس سمیت ہر چیز کا خوف دکھا کر اکثریت حاصل کرتے ہیں۔ آگے بھی یہی کچھ کرنے والے ہیں۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ ’’راہل گاندھی کی یاترا سے بی جے پی گھبرا گئی ہے۔ انھیں ملک کی بھلائی کا کوئی کام نہیں کرنا، ان کی توجہ صرف انتخاب جیتنے پر ہے۔ وہ کبھی لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کام نہیں کرتے۔ جہاں بھی جائیں گے، انتخاب کی بات کریں گے۔ عوام کے سوالوں کو لے کر جب ہم پارلیمنٹ میں کھڑے ہوتے ہیں تو وہ بحث کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ بہانہ بنا کر ایوان کو ملتوی کر دیتے ہیں۔ بعد میں کہتے ہیں کہ ہم تیار تھے لیکن کانگریس دقتیں پیدا کرتی ہے۔‘‘پٹھان کوٹ میں بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت بھی موجود تھے۔ انھوں نے عوامی جلسہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’پورے ملک کی نظر اس یاترا پر ہے۔ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ایک اہم ایشو ہے، محبت و بھائی چارہ کو یقینی بنانا بھی اہم ہے۔ راہل گاندھی لگاتار اس سمت میں آواز اٹھا رہے ہیں اور وہ عوامی ہیرو بن گئے ہیں۔ ملک کے سامنے اس وقت بہت بڑا چیلنج ہے۔ جمہوریت خطرے میں ہے اور آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ ہم سب اسے روکنے میں کامیاب ہوں گے۔‘‘