یہ مقامات اور عمارتیں ہمیں ہماری تاریخی جڑوں سے جوڑتی ہیں:سریش کمار نمائش شدہ تصاویر جموں و کشمیر کے بھرپور ورثے کی نمائندگی کرتی ہیں :کوارانی ریتو سنگھ
یادگاروں، ثقافتی مقامات اور تعمیر شدہ ورثے کے بارے میںسمجھ، تعریف اور بیداری کو فروغ دینا ہے:ڈاکٹر جاوید راہی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍پرنسپل سیکرٹری ثقافت و قبائلی اَمورسریش کمار گپتا نے آج کلا کیندر میں معروف صحافی سنی دوا کی سات روزہ فوٹو ایگزبشن کا اِفتتاح کیا۔ اِس تقریب کا اِنعقاد کلا کیندر سوسائٹی جموں نے کیا ہے اور اِس کا موضوع ’’جموں و کشمیر کا ورثہ‘‘ ہے اور اسے ’’دیرپا اور مستحکم ورثے‘‘ کانام دیا گیا ہے۔سیکرٹری کلاکیندر سوسائٹی ڈاکٹر جاوید راہی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اِس تقریب کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کی یادگاروں ، ثقافتی مقامات اور تعمیر شدہ ورثے کے بارے میں گہری اور بیداری کو فروغ دینا ہے۔
سنی دُوا نے اِفتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینکڑوں ثقافتی ورثے کی عمارتوں، مقامات اور یادگاروں کو دستاویزی شکل دینے کے لئے اَپنی دہائیوں کی کوششوں سے معلومات کا اِشتراک کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ کلا کیندر کی پانچ گیلریوں میں صرف 150 پینٹوگراف نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں جن میں مشہور ورثے مقامات اور نجی حویلیاں سمیت غیر معروف عمارتیں ہیں۔سریش کمار گپتا نے اَپنے صدارتی خطاب میں جموں و کشمیر کی شاندارثقافتی وراثت کو ظاہر کرنے کے لئے نمائش کی سراہنا کی۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ مقامات اور عمارتیں ہمیں ہماری تاریخی جڑوں سے جوڑتی ہیں۔ اُنہوں نے مبارک منڈی کمپلیکس سمیت متعدد ورثے کی عمارتوں کی بحالی کے لئے حکومت کی تیز رفتار کوششوں کا بھی ذکر کیا جس کا ایک اہم حصہ اگلے چند مہینوں میں اس کے قدیم حالت میں بحال ہونے کی اُمید ہے۔
اُنہوں نے خطے کے نایاب ورثے کی باریک بینی سے دستاویزات تیار کرنے پر تعریف کی اور معزز صحافی کے ساتھ اَپنی دیرینہ وابستگی کو یاد کیا۔ڈی پی ایس اور ایم ایچ ایس سوشل اینڈ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کی بانی چیئرپرسن کووارانی ریتو سنگھ نے کہا کہ نمائش شدہ تصاویر جموں و کشمیر کے بھرپور ورثے کی نمائندگی کرتی ہیں جو کافی ٹیبل بُک میں دستاویزی ہونے کی مستحق ہیں۔
اُنہوں نے خطے کے قیمتی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور دستاویزی شکل میں اَپنی ہر ممکن مدد کا بھی یقین دِلایا۔تقریب میں معروف ڈوگری مصنف للت مگوترا، معروف ماہر تعلیم وینا ہنڈا، محترمہ وِجے لکشمی گپتا، ریتوپال سنگھ، سنگیتا شرما، اروند کوتوال، شیوانی کھجوریہ ڈاکٹر وکرم ہنڈا، منیشا ملہوترا اور سرویندرجیت سنگھ کے علاوہ صحافیوں، فن کاروں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ڈاکٹر میتالی گپتا نے پروگرام کی نظامت کے فرائض اَنجام دئیے اور شکریہ کی تحریک بھی پیش کی۔