مجلس میں مرحوم زاہد منظور اور مرحوم پرویز مسوری کو کیا گیا یاد۔
شافیہ گلفام
سرینگر/3جولائی/جموں و کشمیر آرٹسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے آج کانفرنس روم ٹائگور ہال سرینگر میں مرحوم زاہد منظور اور مرحوم پرویز مسوری کی یاد میں ایک تعزیتی مجلس کا انعقاد ہوا۔ یہ تعزیتی مجلس دوردرشن کیندر سرینگر کے سابق سربراہ شبیر مجاہد اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے پروگرام سربراہ غلام رسول آخون کی صدارت میں منعقد ہوئی۔اس تعزیتی مجلس میں مقررین نے معروف براڈکاسٹر اور ہدایت کار مرحوم زاہد منظور اور معروف بالی وڈ اور مقامی اسٹیج۔ریڈیو اور دوردرشن اداکار پرویز مسودی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے انتقال کواداکاری کی دنیا کے لئے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا۔تعزیتی مجلس میں مقررین نے دونوں مرحوم زاہد منظور کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی فنی صلاحیتوں کو فقط ذریعہ معاش کے طور پر استعمال نہیں کیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ان صلاحیتوں کا لوہامنوایا۔ اسی طرح مرحوم پرویز مسوری نے بھی نہ صرف اسٹیج۔ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ بھارتی سینما میں اپنی ان مٹ نقوش چھوڑکر جموں و کشمیر کے فنکاروں کا سر فخر سے اونچا کردیا۔اس موقع پرمعروف اداکار مرحوم پرویز مسوری کے فرزند معئین پروز کی دستاربندی بھی عمل میں لائی گئی۔تعزیتی مجلس کے دوران جموں و کشمیر آرٹسٹس ایسوسی ایشن کے صدر شیخ طارق جاوید نے کہا کہ مرحوم پرویز مسودی کے فرزند کی تعلیم وتربیت کے بارے میں انہوں نے کئی رضاکار غیر سرکاری تنظیموں سے بات کی ہے۔ اس تعزیتی مجلس میں ڈاکٹر عیاش عارف۔ضمیر عشائی۔عمر امتیاز۔شیخ محمد حنیف۔جی ایم وانی۔راجا مجید۔جاوید گیلانی۔الطاف حسین۔سیٹھ رفیع۔حسن جاوید۔گلفام بارجی۔ملک مشتاق۔ معراج آفاق۔فاروق عادل۔محمد رفیق متو۔ اختر حسینی اور جاوید ظریف کے علاوہ وادی کے کئی معروف اداکاروں نے شرکت کی۔ایسوسی ایشن کے صدر شیخ طارق جاوید نے مجلس کے اختتام پر تمام مقررین کا شکریہ ادا کیا۔