مکمل پابندی کی مانگ،اندروال کیلئے ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کامطالبہ
چناب تلے اندھیرا:خطہ چناب کے درہم برہم بجلی نظام پرحکومت کوآڑے ہاتھوں لیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍سینئرکانگریس رکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے آج ریاست جموں وکشمیرکوشراب کی لعنت سے پاک کرنے کی مانگ کرتے ہوئے ریاست میں شراب پر محکمہ پابندی کامطالبہ کیا،سروڑی نے بہارسرکارکے نقش قدم پرچلتے ہوئے ریاستی حکومت سے مانگ کی کہ وہ شراب پرپابندی عائدکرے۔یہاں ایوانِ زیریں میں بولتے ہوئے سروڑی نے شراب پرپابندی کی بھرپوروکالت کی جس پراپوزیشن جماعت کے کئی ارکان اورکابینہ وزیرجاوید مصطفی میر نے بھی لبیک کہا۔سروڑی نے اپنی نشست پرکھڑے ہوتے ہوئے ریاست میں شراب پرمکمل پابندی کی مانگ کی۔نیشنل کانفرنس اور کانگریس ارکان نے سروڑی کے اس مطالبے کی حمایت کی۔حکومت کی اس معاملے پرمسلسل خاموشی پرسروڑی نے اسپیکرکویندرگپتااورحمایت کررنے ارکان قانون سازیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی نشستوں پراُٹھ کھڑے ہوجائیں،اس پرنیشنل کانفرنس، کانگریس وکچھ آزادارکان قانون سازیہ اپنی نشستوں پرکھڑے ہوگئے اور سروڑی کے مطالبے کی بھرپورحمایت کی۔حکومت کی خاموشی پردلبرداشتہ سروڑی نے ایوان میں احتجاجاًواک آئوٹ کیاان کیساتھ دیگرارکان نے بھی واک آئوٹ کیا۔اس سے قبل سروڑی نے ایوان میں بولتے ہوئے خطہ چناب کے ابتربجلی نظام پرحکومت کوآڑے ہاتھوں لیااورکہاکہ جس خطے سے بجلی پیداہوتی ہے،جہاں کے قدرتی خزانے لوٹے جارہے ہیں وہیں بجلی نظام درہم برہم رکھاگیاہے۔سروڑی نے پرانے ضلع ڈوڈہ میں بجلی نظام کی بہتری کیلئے حکومت کی پرزورمانگ کی۔اُنہوں نے سرمائی موسم کے دوران بجلی نظام کی بدحالی پراپنی تشویش سے ایوان کو آگاہ کیا۔سروڑی نے نائب وزیراعلیٰ جوکہ بجلی وزیربھی ہیں سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہاکہ کیاوجہ ہے حکومت خطہ چناب میں آر جی جی وی وائی مرحلہ دوئم کوعملانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے اور غلام نبی آزادکے دورمیں خطے کیلئے 100کروڑ روپے کے پروجیکٹ کی منظوری کے باوجوداس پرکیوںعمل درآمدنہیں ہوپارہاہے؟۔’’باوقار ریتلے ہائیڈروالیکٹریک پروجیکٹ(ایچ ای پی)پربھاجپاکے غنڈوں نے تین برس قبل کام کیوں ٹھپ کروادیا‘‘؟۔سروڑی نے نائب وزیراعلیٰ سے سوال کیااورکہاکہ اگر جی وی کے کام شروع کرنے کیلئے آمادہ نہیں توپھرکمپنی کو بلیک لسٹ کردیناچاہئے اور ازسرنوٹینڈرنگ ہونی چاہئے تاکہ مقامی لوگ وہاں روزگارکمانے کاموقع پاسکیں۔ بحالی ودوبارہ آبادکاری(آر اینڈآر)پروجیکٹ کی عدم منظوری پرحیرانگی ظاہرکرتے ہوئے سروڑی نے کہاکہ اس کے تحت متعددپن بجلی پروجیکٹ خطہ چناب میں آنے تھے جن میں اہم دھونادی، ریتلے، پکل ڈول اوردیگرقابل ذکرہیں، سروڑی نے آراینڈآرپلان کوجلدمنظورکرنے کی مانگ کی تاکہ بے گھرہونے والے کنبوں کی بازآبادکاری یقینی بن سکے اورساتھ ہی مقامی سطح پرتعمیروترقی کے نئے ادوارکھل سکیں۔سروڑی نے اسمبلی حلقہ اندروال میں منظورشدہ رسیونگ سٹیشنوں پرجن میں کاہراہ، چھاترو ، بونجواہ اور درابشالہ شامل ہیں‘جلدکام شروع کرنے کی مانگ کی۔سروڑی نے میڈیااشخاص کیلئے رہائشی کالونی اورارکان قانون سازیہ کیلئے جموںوسرینگرمیں پلاٹس الاٹمنٹ کی مانگ بھی کی۔سروڑی نے ریاست میں جلدبلدیاری چنایوعمل میں لانے کی مانگ دہرائی۔اُنہوں نے ٹھاٹھری میں بس اڈے کی تعمیر جس کافیصلہ ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں مرحوم مفتی محمد سعیدکی سربراہی میں لیاگیاتھا‘کامعاملہ بھی اُٹھایا۔سروڑی نے ٹھاٹھری میں نالے پرسلیب ڈالنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ یہاں غلاظت سے طرح طرح کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔سروڑی نے ٹھاٹھری میں شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر ،ایم اے سی ٹھاٹھری میں صفائی کرمچاریوں کی تقرری عمل میں لانے، عارضی ملازمین کے اُجرتیں جلدواگذار کرنے کی مانگ کے علاوہ ایم اے سی ٹھاٹھری میں ایف ایس ایل لائٹیں نصب کرنے کی مانگ کی۔سروڑی نے اندروال ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اسمبلی حلقہ نے سیاحتی شعبے کوترقی دینے کی صلاحیتیں موجودہیں۔اُنہوں نے کہاکہ فمبرمیڈوچھاتروعلاقہ میں ایک خوبصورت مقام ہے اور زیڈموڑسے فمبرتک سڑک کی تعمیردرکارہے جو2015میں ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں منظورہوئی تھی،ہنوزتعمیرکی منتظرہے۔سروڑی نے سنگھ پورہ۔وائیلوٹنل کی تعمیرکامطالبہ ایک مرتبہ پھردہراتے ہوئے کہاکہ سیاحتی شعبے کی ترقی کیلئے ان ٹنلوں کی تعمیراہم ہے۔اُنہوں نے کہاکہ چھاترو، بھلیسہ، مڑواہ اور واڑون علاقوں کوسیاحتی نقشے پرلایاجائے۔