جموں،//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے گومٹ بازار میں چوروں نے درمیانی شب سونار کی دکان میں نقب لگا کر وہاں سے تین کلو سونا ، 30 کلو چاندی اورنقدی سات لاکھ روپیہ کی رقم لوٹ کر فرار کی راہ اختیار کی۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے چوروں کی تلاش شروع کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب نامعلوم نقب زنوں نے جموں کے گومٹ بازار میں قائم سونا ر کی دکان میں نقب لگا کر وہاں سے تین کلو سونا ، 30کلو چاندی اور نقدی سات لاکھ کے قریب رقم لوٹ کر وہاں سے نو دو گیارہ ہو گئے۔
نریندر نامی سونا ر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ منگل کی صبح جب اس نے دکان کھولی تو اندر سب کچھ غائب پایا۔
انہوں نے بتایا کہ نقب زنوں نے دکان میں موجودطلائی زیورات ، نقدی اور لاکر میں موجود 3کلو سونا چرا لیا ۔
سونار نے روتے ہوئے بتایا کہ عمر بھرکی کمائی پر چوروں نے ہاتھ صاف کیا ہے۔
دریں اثنا پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور آس پاس موجود سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد سارقوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ۔