جموں میں موسم کی قہر سامانیاں

0
0

: بستیاں زیر آب ، 60 سالہ خاتون جاں بحق ، متعدد ڈھانچوں کو نقصان

جموں،7 اگست(یو این آئی)جموں صوبے میں تیز بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ کئی علاقوں میں پانی رہائشی مکانوں میں گھس آیا جس وجہ سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔
راجوری کے خواس علاقے میں کچا مکان گرنے سے 60سالہ خاتون جاں بحق ہوئی جبکہ بارشوں کی وجہ سے متعدد ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ۔
اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق جموں صوبے میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
جموں کے تالاب تلو علاقے میں کئی کالونیاں زیر آب آگئی ہیں جس وجہ سے مکینوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔
راجوری کے خواس علاقے میں تیز بارشوں کی وجہ سے رہائشی مکان زمین بوس ہونے سے 60سالہ خاتون ملبے کے نیچے زندہ دفن ہوئی۔ گر چہ مقامی لوگوں نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور خاتون کو باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ متوفیہ کی شناخت کاکو دیوی کے بطور کی گئی ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ کٹھوعہ ضلع کے ڈونگا علاقے میں بادل پھٹنے کی وجہ سے ایک درجن کے قریب رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا تاہم اس دوران کسی کے ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
جموں شہر کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور متعدد کالونیوں میں پانی گھس آیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈرینج سسٹم ناکارہ ہونے کی وجہ سے پانی رہائشی مکانوں میں گھس آیا جس وجہ سے املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
نامہ نگار کے مطابق جموں کے ڈوگرا چوک، کنال روڈ، بکرم چوک ، گاندھی نگر، شاستری نگر، گورکھا کالونی اور سنجے نگر میں تیز بارشوں کی وجہ سے پانی رہائشی مکانوں کے ساتھ ساتھ دکانوں میں بھی گھس آیا۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سمارٹ سٹی پر کروڑوں روپیہ خرچ کئے جارہے ہیں تو دوسری جانب معمولی بارشوں کی وجہ سے جموں شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ دکانوں میں پانی گھسنے کی وجہ سے قیمتی اشیاءکو نقصان پہنچا ہے۔
نامہ نگار کے مطابق جموں صوبے کے ندی نالوں میں پانی کی سطح کافی بڑھ گئی ہے ، حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاوں اور ندی نالوں کے کناروں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔
حکام کے مطابق گر چہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے تاہم جموں صوبے میں سیلابی صورتحال کا کوئی امکان نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں کے راجوری میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 74ایم ایم بارشیں ریکارڈ کی گئی، جموں میں 48.5اور رام بن میں 17.5ایم ایم ریکارڈ ہوا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایاکہ جموں صوبے میں 15اگست سے موسلا دار بارشوں کاامکان ہے جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں بادل پھٹنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔
یو این آئی- ارشید بٹ

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا