سرینگرمیں اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ،کینسر اسپتال کاسنگ بنیاداوربارہمولہ میں ہوگاخطاب
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍جموں صوبے میں اپنی مصروفیات کومکمل کرنے بشمول راجوری میں عوامی جلسے سے خطاب اورجموںمیں کچھ ترقیاتی پروجیکٹوںکاافتتاح کرنے کے بعد مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ جموں وکشمیر کے 3روزہ دورے کے سلسلے میں منگل کی شام کوگرمائی مائی راجد ھانی سری نگر پہنچے ۔خیال رہے 5،اگست 2019کودفعہ 370اور 35Aکے تحت جموں وکشمیر کوحاصل خصوصی حیثیت کی منسوخی اورسابقہ ریاست کودویونین ٹریٹریوںمیں تقسیم کئے جانے کے بعدیہ مرکزی وزیرداخلہ کادوسرا دورہ جموں وکشمیر ہے۔منگل کی شام مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ جموں سے سری نگربین الااقوامی ہوئی اڈے پر پہنچے ،جہاں سے گاڑیوں کے ایک قافلے میں وہ سخت سیکورٹی کے بیچ رج بھون سری نگر پہنچے ۔معلوم ہواکہ آج یعنی5اکتوبر کومرکزی وزیر داخلہ امت شاہ شمالی کشمیرکے قصبہ بارہمولہ میں منعقدہونے والی ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ،جس دوران وہ یہاں تعمیراتی وترقیاتی عمل کے ساتھ ساتھ کمزور طبقوں کی فلاح وبہبود کے حوالے سے کچھ اقدامات کااعلان کریں گے ۔ راج بھون، سری نگر میںمرکزی وزیرداخلہ امت شاہ ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کریں گے۔اس اہم ترین میٹنگ میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے کمار بھلا ،جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، فوج، نیم فوجی دستوں، ریاستی پولیس اور سیول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موجو دہونگے ۔میٹنگ میں جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال ،ملی ٹنسی مخالف کارروائیوں،ملی ٹنسی کی سرگرمیوں ،دراندازی کی کوششوں ،سرحدوں پر پائے جانے والی تازہ صورتحال،سرحدپار سے منشیات اورہتھیاروںکی اسمگلنگ ،سرحدی علاقوںمیں ڈرون سرگرمیوں کے علاوہ جموں وکشمیرمیں جاری تعمیراتی وترقیاتی پروجیکٹوںکے ساتھ ساتھ مرکزی معاونت والی مختلف اسکیموںکی عمل آوری کابھی تفصیلی جائزہ لیں گے ۔بتایاجاتاہے کہ سری نگرمیں قیام کے دوران مرکزی وزیرداخلہ الگ الگ میٹنگوںمیں جاری ترقیاتی وتعمیراتی پروجیکٹوں اورسری نگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ پرجاری کام کی رفتار کابھی جائزہ لیں گے اوراس سلسلے میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے آغاز اور سنگ بنیاد رکھیں گے،جبکہ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ سری نگرمیںجموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے کینسر اسپتال کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے ۔