اثاثوں کی سائنسی میپنگ پر زور دیا،کہامحکموں کیساتھ کرائے کے معاملات نپٹائے جائیں
لازوال ڈیسک
جموں؍؍وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کسٹوڈین محکمہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کی سائنسی طریقے پر میپنگ کا کام ہاتھ میں لیں جس میں جیو ٹیگنگ بھی شامل ہے تا کہ انہیں ایک لمبے عرصے تک محفوظ رکھا جاسکے۔آج یہاں متعلقہ محکمہ کی جائیزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں محکمہ کے اثاثوں پر ناجائیز قبضہ کیا گیا۔ انہوں نے مستقبل کے لئے ان اثاثوں کو بچانے کے لئے سائنسی طریقے بروئے کار لانے کی ہدایات دیں۔مال، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔محبوبہ مفتی نے محکمہ کو صلاح دی کہ وہ کمیونٹی ہال، میرج ہال اور عوامی نوعیت کے دیگر اثاثے وجود میں لانے کو ترجیحات میں شامل کریں تا کہ سماج کے ایک بڑے طبقے کو فائدہ مل سکے۔ انہوں نے خاص طور سے ترجیحی بنیادوں پر سانبہ میں ایک کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کی ہدایت دی۔ وہاں کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا مطالبہ لوگوں نے حال ہی میں عوامی رابطہ مہم کے دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے سامنے رکھا تھا۔وزیر اعلیٰ نے اس محکمہ کی کارکردگی کا تفصیل سے جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری بی بی ویاس کی سربراہی میں افسروں کی ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی جو محکمہ کی اراضی اور دیگر اثاثوں کی کرایے کے حوالے سے دعووں اور جوابی دعووں کا جائزہ لے گی۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ سے کہا کہ وہ اُن کاموں کے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرے جو وہ ہاتھ میں لینے کا ارادہ رکھتا ہے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس، پرنسپل سیکرٹری زراعت سندیپ نائیک، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری، سیکرٹری مال و امداد شاہد عنائت اللہ،کسٹوڈین جنرل ا عجاز احمد بٹ کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔