تھنہ منڈی بفلیاز کے جنگل علاقے میں چوتھے روز بھی آپریشن جاری، ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل

0
100

جموں،//جموں وکشمیر کے تھنہ منڈی بفلیاز کے جنگلی علاقے میں چوتھے روز بھی وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری رہا۔
معلوم ہوا ہے کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بدستور معطل ہے۔
بتادیں کہ بفلیاز تھنہ منڈی میں جمعرات کی سہ پہر ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار فوجی از جان جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے تھے۔ علاقے میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب تصادم کی جگہ تین مقامی شہریوں کی لاشیں پر اسرارحالت میں برآمد کی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق بفلیاز میں چوتھے روز بھی مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز سیکورٹی فورسز نے مزید کئی جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہاں چھپے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لئے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے اور سراغ رساں کتوں کو بھی کام پر لگایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محاصرے کو سنگین تر کرنے کے لئے فوج کی اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے کئی افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر گرفتار کیا ہے تاہم ابھی تک مفرور ملی ٹینٹوں کا کوئی سراغ نہیں مل پایا ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بفلیاز راجوری میں تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی جنگلی علاقوں تک وسیع کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ جنگلی علاقے میں بھی ہی موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر اضافی کمک کو طلب کیا گیا تاکہ حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ فی الحال جنگلی علاقوں کی اور جانے سے گریز کیا کریں کیونکہ وہاں پر سیکورٹی فورسز نے جگہ جگہ پر ناکے لگائے ہیں۔
دریں اثنا تصادم کی جگہ تین عام شہریوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد راجوری اور پونچھ اضلاع میں کشیدگی کا ماحول برقرار ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ان دو اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو معطل رکھا ہے۔
امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر راجوری اور پونچھ اضلاع میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اضافی نفری کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے تھانہ منڈی بفلیاز علاقے میں ملی ٹینٹوں نے فورسز کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس نتیجے میں 4 فوجی جوان جاں بحق ہوئے جبکہ مزید تین کو تشویشناک حالت میں فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا