دہرادون، 15 اگست (یو این آئی) اتراکھنڈ کی چیف سکریٹری رادھا رتوڑی نے جمعرات کو 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر سکریٹریٹ میں افسران اور ملازمین کی موجودگی میں پرچم کشائی کرتے ہوئے ریاست کے تمام لوگوں کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم سب کو ایک ٹیم کی کام کرتے ہوئے اتراکھنڈ کو نمبر ایک ریاست بنانے کا عہد کرنا ہے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری نے سیکرٹریٹ کے احاطے میں پودا لگایا اور اسکول کے بچوں میں پودے تقسیم کئے۔
پرچم کشائی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ رتوڑی نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے بہت خوشی کا موقع ہے کہ ہندوستان نے ایک آزاد ملک کے طور پر 77 سال مکمل کر لیے ہیں۔ جہاں آج دنیا کے مختلف ممالک میں جنگ، بدامنی اور انقلاب جیسے واقعات رونما ہو رہے ہیں، وہیں ہمارے ملک میں گزشتہ 77 برسوں میں ایک مضبوط جمہوریت اور پرامن نظام قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مساوی حقوق دینے والے آئین کے تحت رہنے والے ہم ہندوستانی خوش قسمت ہیں۔ ہمیں اپنی آزادی کی قدر کو سمجھنا چاہیے۔ آج بھی ہمارے سامنے غربت، صنفی عدم مساوات جیسے بہت سے چیلنجز ہیں جن کا ہمیں کامیابی سے مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف میں اتراکھنڈ کو نیتی آیوگ نے پہلا مقام دیا ہے۔ یہ ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے۔ یہ ہم سب کی حصولیابی ہے۔ اس پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہمیں اتراکھنڈ کو نمبر ایک ریاست بنانے کے لیے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔
سکریٹریٹ میں پرچم کشائی کے موقع پر ایڈیشنل چیف سکریٹری آنند بردھن اور تمام افسران، ملازمین اور دیگر شہری موجود تھے۔