سرفراز قادری
مینڈھر؍؍حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ریاستی اراضی بشمول روشنی اور کچہری سے تجاوزات ہٹانے کے اپنے حکم کو منسوخ کرے یا پھر احتجاج کا سامنا کر ہے۔ یہ بات نیشنل کانفرنس (این سی) کے لیڈر عزیز چودھری نے یہاں جاری ایک بیان میں کہی۔عزیز نے کہا کہ جموں اور کشمیر یونین ٹیریٹری کے لوگ اس حکم سے ناخوش ہیں کیونکہ مذکورہ حکم نے لوگوں میں الجھن اور افراتفری کا ماحول پیدا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے ہر اضلاع میں لوگ شدید احتجاج کر رہے ہیں، مقامی انتظامیہ بالخصوص راجوری پونچھ کے جڑواں ضلع پیر پنجال میں غریب لوگوں کو رواں ماہ کے آخر تک اپنی زمینیں خالی کرنے کا حکم جاری کر رہی ہے لیکن حکومت ان کی بات نہیں سن رہی ہے۔ عزیز چودھری نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ بڑے جاگیرداروں کے خلاف نہیں بلکہ غریب لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے دھمکی دی کہ لوگ اپنے اہل خانہ سمیت ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے اور اگر امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا تو انتظامیہ پوری طرح ذمہ دار ہوگی۔عزیز نے لیفٹیننٹ گورنر جموں اور کشمیر یو ٹی منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں اور عوام کے مفاد میں مذکورہ حکم کو منسوخ کریں۔