بی سی سی آئی کنٹریکٹ لسٹ میں ایشان اور شریاس کو جگہ نہیں

0
0

روہت شرما ،وراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ اور رویندرا جڈیجہ کو کنٹریکٹ لسٹ کے گریڈ اے+ میں رکھا گیا
یواین آئی
ممبئی؍؍بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ایشان کشن اور شریاس ائیر کو 2023-24 سیزن کے سالانہ معاہدے کی فہرست میں شامل نہیں کیا ہے۔بی سی سی آئی کے اعزازی سکریٹری جے شاہ نے بدھ کے روز 2023-24 سیزن (یکم اکتوبر 2023 سے 30 ستمبر 2024) کے لیے ٹیم انڈیا (سینئر مین) کے لئے سالانہ کھلاڑی کنٹریکٹ کا اعلان کیا۔ بورڈ کی سفارش میں شریاس ائیر اور ایشان کشن کو سالانہ کنٹریکٹ کے لیے اہل نہیں سمجھا گیا ہے۔ تاہم بی سی سی آئی نے دونوں کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ لسٹ میں شامل نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔
ہندوستانی کپتان روہت شرما کے علاوہ وراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ اور رویندرا جڈیجہ کو کنٹریکٹ لسٹ کے گریڈ اے+ میں رکھا گیا ہے جبکہ گریڈ اے میں آر اشون، محمد شامی، محمد سراج، کے ایل راہل، شبمن گل اور ہاردک پانڈیا شامل ہیں۔سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت، کلدیپ یادو، اکشر پٹیل اور یشسوی جیسوال کو گریڈ بی میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ رنکو سنگھ، تلک ورما، رتوراج گائیکواڑ، شاردول ٹھاکر، شیوم دوبے، روی بشنوئی، جیتیش شرما، واشنگٹن سندر، مکیش کمار، سنجو سیمسن، ارشدیپ سنگھ، کے ایس بھرت، پرسدھ کرشنا، اویش خان اور رجت پاٹیدار کو گریڈ سی رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جو کھلاڑی مقررہ مدت کے اندر کم از کم تین ٹیسٹ یا آٹھ ون ڈے یا 10 ٹی20 کھیلنے کے معیار پر پورا اترتے ہیں انہیں خودکار تناسب کی بنیاد پر گریڈ سی میں شامل کیا جائے گا۔ مثال کے طور پر، دھرو جریل اور سرفراز خان، جنہوں نے اب تک دو ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، اگر وہ دھرم شالہ ٹیسٹ میچ، یعنی انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میں حصہ لیتے ہیں تو انہیں گریڈ سی میں شامل کیا جائے گا۔
سلیکشن کمیٹی نے آکاش دیپ، وجے کمار ویشیک، عمران ملک، یش دیال اور ودوتھ کاورپا کے لیے بھی فاسٹ باؤلنگ کنٹریکٹ کی بھی سفارش کی ہے۔ بی سی سی آئی نے سفارش کی ہے کہ تمام ایتھلیٹ ان مدت کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کو ترجیح دیں جب وہ قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر رہے ہوں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا