بی جے پی کے دور حکومت میں راجوری پونچھ کو نظر انداز کیا گیا: بھلا جموں پونچھ ریلوے پروجیکٹ بی جے پی نے ترک کردیا: رویندر شرما
شیراز چوہدری
راجوری؍؍ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے سربراہ وقار رسول وانی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ کانگریس بی جے پی کے یو ٹی دیوس پر یوم سیاہ منائے گی ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں جموں و کشمیر میں ریاستی حیثیت اور جمہوری عمل کو بحال کرنے میں ناکام رہنے کے باوجود یوٹی دیوس منانے کے بی جے پی کے اقدام کی مذمت کی۔ وانی راجوری میں ضلع سطح کے کارکنان کے اجلاس سیتبادلہ خیال کررہے تھے۔ ان کے ساتھ جے کے پی سی سی کے ورکنگ صدر رمن بھلا، جے کے پی سی سی کے سینئر نائب صدر اور ترجمان اعلیٰ رویندر شرما، نائب صدر سائیںعبدالرشید، مہیلا صدر شمیمہ رینا، جنرل سکریٹری عابد اعجاز بھی تھے۔واضح رہے اس میٹنگ کا اہتمام ڈی سی سی کے صدر اور سابق وزیر شبیر احمد خان نے کیا تھا۔اس موقع پرجے کے پی سی سی کے سربراہ اور دیگر سینئر پارٹی رہنماؤں نے ضلع میں تنظیمی امور اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ضلع میں سماجی و سیاسی منظر نامے کے حوالے سے رائے بھی حاصل کی۔ وہیںعوامی اہمیت کے مختلف مسائل بالخصوص ترقی کی کمی، بے روزگاری، معاشی پسماندگی وغیرہ بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر جے کے پی سی سی کے سربراہ نے بی جے پی کے یو ٹی دیواس منانے کے اقدام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی اس دن یوم سیاہ منائے گی تاکہ مکمل ریاست کو دو یوٹیزمیں گھٹانے اور عوام کے جمہوری حقوق کو ایک جھٹکے سے چھیننے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا جا سکے۔ وہیںترقیاتی عمل کو دھچکا پہنچانے کا ذکر کرتے ہوئے، جے کے پی سی سی چیف نے کہا کہ راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع کو بھاجپا نے تمام محاذوں پر سب سے زیادہ نظر انداز کیا اور بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جے کے پی سی سی کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے کہا کہ نہ صرف پونچھ راجوری اضلاع میں بلکہ پورے جموں و کشمیر میں ترقیاتی عمل کو شدید دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بے روزگاری کو روکنے اور دیگر ترقیاتی مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ اگرچہ آئے دن کئی بڑے دعوے کیے جا رہے ہیں لیکن زمینی سطح پر کچھ بھی نہیں بدلا ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے جے کے پی سی سی کے سینئر نائب صدر اور ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے بی جے پی حکومت سے پوچھا کہ انہوں نے یو پی اے حکومت کی طرف سے شروع کی گئی جموں پونچھ ریلوے لائن کے سلسلے میں کیا اقدامات کئے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جموں پونچھ ریلوے لائن کو ترک کر دیا ہے، یہی صورتحال یو پی اے حکومتوں کے منظور کردہ دیگر پروجیکٹوں کی ہے۔وہیںڈی سی سی صدر راجوری اور سابق وزیر شبیر احمد خان نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کانگریس پارٹی کو مزید مضبوط کرنے کے لیے سخت محنت کریں اور لوگوں تک پہنچنے اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے پر زور دیں۔