نئی دہلی، //عام آدمی پارٹی (آپ) نے ہفتہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آمریت کے خلاف اب پورا ملک متحد ہو رہا ہے۔
آپ کے لیڈر دلیپ پانڈے نے کابینی وزیر کیلاش گہلوت کو موصول ہونے والے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’’جس دن ای ڈی کوئی سمن جاری نہیں کرتا،اس دن ہمارے لیے بہت حیرانی کی بات ہوتی ہے۔‘‘
مسٹر پانڈے نے کہا ‘ بی جے پی کی آمریت کے خلاف اب پورا ملک متحد ہو رہا ہے۔ ہم نے پورے ملک سے بی جے پی کی غنڈہ گردی اور اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔ ہم یہاں پہنچ کر اپنے حقوق اور انصاف کے لیے آواز اٹھائیں گے۔
آپ کے لیڈر نے کہا "بی جے پی ابھی تک جواب نہیں دے رہی ہے کہ اس نے شرت چند ریڈی سے 60 کروڑ روپے کیوں لئے؟ اس کا جواب بی جے پی کو دینا پڑے گا۔ بی جے پی سب کچھ کرے گی لیکن اصل مسئلہ پر بات نہیں کرے گی۔ ای ڈی کی جانب سے اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت سے آج ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں جانچ ایجنسی پہلے ہی دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت آپ کے کئی لیڈروں کو گرفتار کر چکی ہے۔