پڈوچیری، یکم دسمبر (یو این آئی) پڈوچیری کے وزیراعلی وی نارائن سامی نے اتوار کو کہا کہ وہ جلد ہی لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کے خلاف توہین عدالت کی عرضی دائر کریں گے کیونکہ محترمہ بیدی 30اپریل کے مدراس ہائی کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرکے حکومت کے روزمرہ کے کاموں میں مداخلت جاری رکھے ہوئے ہیں۔مسٹر نارائن سامی نے محترمہ بیدی کی طرف سے سرکاری کام کاج میں مداخلت کی کئی مثالیں دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ریاستی الیکشن کمشنر (ایس ای سی) کی تقرری تک میں مداخلت کی۔ انہوں نے کہاکہ ایس ای سی کی تفرری کابینہ کی میٹنگ کے ذریعہ کی گئی لیکن اس پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے محترمہ بیدی نے مرکزی وزارت داخلہ کو خط لکھا جس کی وجہ سے مقامی بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ہوئی۔ حالانکہ حکومت نے آخری فہرست شائع کرنے کے ساتھ ہی عمل پھر سے شروع کردیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت جی ایس ٹی معاوضہ کے طورپر ریاست کو ملنے والے 400کروڑ روپے کی ادائیگی میں تاخیر کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے کل جی ایس ٹی کونسل کی ایک ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا اور رقم فوری طورپر جاری کرنے پر زور دیا۔یو این آئی۔