جموں و کشمیر کے عام لوگوں کے لیے وقاراور عزت بحال کرنے کا عہد کیا
لازوال ڈیسک
https://x.com/RamanBhalla_
جموں؍؍ جموں و کشمیر میں جب سے اسمبکلی انتخابات کا بگل بجا ہے سیاسی پارٹیاں اپنی انتخابی مہم زروں سے جاری رکھے ہوئے ہیں جاری مہم میں لوگوں کی زبردست حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے، سابق وزیر اور آر ایس پورہ جموں جنوبی اسمبلی حلقہ کے کانگریس امیدوار رمن بھلا نے بدھ کو آر ایس پورہ میں کہا کہ وہ وقار اور عزت کو بحال کرنے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ2014 سے 2024 تک جموں و کشمیر میں بی جے پی کی حکومت کے آخری دس سالہ دور حکومت کے دوران، یہ عام عوام ہی تھے جنہوں نے حکومت کی غریب مخالف پالیسیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ اٹھایا۔واضح رہے بھلا نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے قبل ایک ریلی سے خطاب کے دوران ان باتوں کا اظہار کیا۔
یاد رہے رمن بھلا کی حمایت میں منعقد کی گئی ریلی میں آر ایس پورہ جموں ساؤتھ کے کونے کونے سے ہزاروں پارٹی کارکنوں اور سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ بھلا نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت کے دور کو جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ کے سیاہ ترین دور کے طور پر یاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ میں پچھلے دس سالوں کے دوران عام لوگوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی واقف ہوں۔بھلا نے عوا م کو یقین دلایا کہ جموں و کشمیر میں کانگریس-این سی مخلوط حکومت کے قیام کے بعد لوگوں کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ 8 اکتوبر کے بعد ان کے تمام مسائل حل کر دیے جائیں گے۔انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش روز مرہ کے مسائل کو حل کرنے میں ناکامی لا الزام عائد کرتے ہوئے بھاجپا پر تنقید کی۔
انہوں نے کہاکہ اقتدار میں ہونے کے باوجود، بی جے پی شہریوں کو بنیادی سہولتیں اور خدمات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے، جس سے انہیں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ بی جے پی کے بڑے بڑے وعدے اور دعوے ادھورے رہ گئے ہیں، اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کی روزمرہ کی زندگی میں بے شمار چیلنجزہیں’بجلی کی بندش سے لے کر پانی کی کمی تک، بے روزگاری سے لے کر صحت کی سہولیات کی کمی تک، بی جے پی اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے بی جے پی کو نوکریاں پیدا کرنے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی پر بھی تنقید کی۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کو اس کے فریب کاروں کے لیے سبق سکھایا جائے۔اس موقع پر ترلوک سنگھ باجوہ سابق ایم پی، پی سی سی کے جنرل سیکریٹری امرت بالی، ستیش شرما، بھوشن ڈوگرا سابق ایم ایل اے، دلیپ کمار بی ڈی سی آر ایس پورہ، ایس راجندر سنگھ سابق سرپنچ ،راجندر سنگھ نتھو، ایس رویندر سنگھ سابق سرپنچ اور مختلف پنچایتوں کے کئی سرپنچوں کے ساتھ ان کی حمایت میں موجود تھے۔