یواین آئی
سری نگر؍؍جموں وکشمیر پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں لشکر طیبہ سے وابستہ 5 جنگجو معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے قابل اعتراض مواد بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے فوج کی 62 آر آر کے ساتھ مل کر کارروائی انجام دیتے ہوئے بڈگام کے کھاگ علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ 5 جنگجو معاونین کو گرفتار کیا۔انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت روف احمد وانی ولد عبدالمجید وانی ساکن بھٹنگن کھاگ، ہلال احمد ملک ولد غلام حسن ملک ساکن بھٹی پورہ کھاگ، توفیق احمد ڈار ولد نذیر احمد ڈار ساکن نوروز بابا کھاگ، دانش احمد ڈار ولد منظور احمد ڈار ساکن ڈار محلہ نوروز بابا کھاگ اور شوکت علی دار ولد علی محمد ڈار ساکن بھٹی پورہ کھاگ کے بطور کی جو لشکر طیبہ سے وابستہ تھے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بر آمد شدہ مواد تحقیقات کے کیس ریکارڈ میں لیا گیا ہے۔بیان کے مطابق پولیس نے اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن کھاگ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔