گزشتہ روز پوری دنیا میں بچیوں کا عالمی دن منایا گیا ۔جبکہ یہ دن ہر سال 11 اکتوبر کو دنیا بھر میں لڑکیوں کو درپیش صنفی عدم مساوات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔اتنا بھی نہیںبلکہ یہ دن لڑکیوں کو بااختیار بنانے، ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور حفاظت میں درپیش چیلنجوں کو اجاگر کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔لیکن باوجود اس کے اگر صرف وطن عزیز کی ہی بات کریں ،توآج ملک بھر میں لڑکیوں کے ساتھ جو معاملات درپیش ہیں ان سے کو ن واقف نہیں ۔
گزشتہ دو مہینے قبل کلکتہ کے ایک سرکاری اسپتال میں کام کرر ہی ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ جس طرح کی درندگی ہوئی ، وہ سب باتیں یاد کرتے اور ان پر کچھ تحریر کرتے کلیجہ منہ کو آتا ہے کہ ملک میں جہاں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کئی ادارے موجود ہیں ، کئی قوانین بچیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی وکالت کرتے ہیں ، لیکن پھر بھی یہ نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے ، ہر دن ، ہر روز کوئی نا کوئی معاملہ ضرور دیکھنے یا سنے کو ملتا ہے۔ وہیں اگر کہا جائے بچیوں کے عالمی دن کی تھیم ہر سال مختلف ہوتی ہے جو عام طور پر صنفی مساوات کی وکالت، لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے اور بچوں کی شادی، صنفی بنیاد پر تشدد اور امتیازی سلوک جیسے مسائل کو حل کرنے کے گرد گھومتی ہے۔ لیکن عملاً کیا ہوتا ، اس پر وضاحت کی ضرورت نہیں۔ بہر کیف یہ دن ایک یاد دہانی کے طور پر بھی کام کرتا ہے کہ لڑکیاں اپنی پوری صلاحیت تک پہنچنے کیلئے یکساں مواقع اور تعاون کی مستحق ہیں۔ وہیںاس دن مختلف تنظیمیں، حکومتیں اور افراد اکٹھے ہو کر لڑکیوں کی حمایت اور انہیںبااختیار بنانے کیلئے تقریبات، مہمات اور اقدامات کا اہتمام کرتے ہیں۔ جبکہ ان کوششوں کا مقصد ایک جامع اور مساوی دنیا بنانا ہے جہاں لڑکیاں اپنی جنس کی بنیاد پر کسی حد کے بغیر ترقی کی منازل طے کر سکیں اور اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں۔ وہیں اگرکہا جائے سال میں بچیوں کیلئے ایک دن منا کر کیا ہم ایک ایسی دنیا کیلئے کام کر سکتے ہیں جہاں ہر لڑکی کو ایک بھرپور اور کامیاب زندگی گزارنے کا موقع ملے۔تاہم یہاں یہ کہنا اور سمجھنا بھی ضروری ہے کہ سال میں صرف ایک دن منا کر ہم بچیوں کو انصاف فراہم نہیں کر سکتے بلکہ ان کے حقوق کی لڑائی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی اشد ضرورت ہے ۔