بٹھِنڈی اور سنجواں کے مکینوں کی کسمپرسی

0
0

موسم برسات بٹھِنڈی اور سنجواں جیسے علاقوں کے لیے ہمیشہ سے ایک عذاب بن کر آتا ہے۔ بارشوں کی وجہ سے یہاں کی سڑکیں تباہ ہو جاتی ہیں، پانی کی نکاسی کا نظام ناکام ہو جاتا ہے اور لوگ شدید مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ مگر یہ مشکلات صرف برسات تک محدود نہیں ہیں۔ موسم گرما میں بھی یہاں کے مکینوں کی زندگی آسان نہیں ہے کیونکہ ان علاقوں میں ’ناجائز قابضین‘ کے نام پر انتظامیہ کی کارروائیاں جاری رہتی ہیں۔ یہاں کے مکینوں کو سکون سے جینے کا کوئی حق نہیں دیا جاتا۔
بٹھِنڈی اور سنجواں کے لوگ نوے کی دہائی میں نامساعد حالات سے دوچار ہو کر یہاں آئے تھے۔ انہوں نے اپنی تمام جمع پونجی لگا کر اپنے آشیانے بنائے تھے۔ جموں میں متعدد غیرمجاز کالونیوں کو وقت کے حکمرانوں نے باقاعدہ بنایا، مگر ایک مخصوص طبقے کی اکثریت والے ان علاقوں کی جانب کسی کا دھیان نہیں گیا۔ نتیجتاً، یہ علاقے تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
جموں میونسپل کارپوریشن کی عدم توجہی بھی ان علاقوں کی مشکلات کا ایک بڑا سبب ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا کام شہری علاقوں کی ترقی اور بہتری کے لئے اقدامات کرنا ہوتا ہے، مگر بٹھنڈی اور سنجواں جیسے علاقوں کو مسلسل نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔ یہاں کی سڑکیں، نکاسی نظام، اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے، مگر اس حوالے سے کوئی خاطرخواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔
یہاں اگر بہتر سڑکیں اور نکاسی نظام ہوتا تو برسات میں یہ تباہی نہ مچتی۔ مگر بدقسمتی سے ان علاقوں کے مکینوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں۔ حکومت اور انتظامیہ کی لاپروائی اور ناانصافی کی وجہ سے یہ لوگ مسلسل مشکلات کا شکار ہیں۔
یہاں کے مکینوں کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا سیکھنا چاہئے۔ انہیں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی۔ سیاسی جماعتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک ہندوستان کے ان باشندوں کو بھی جمہوریت کے ثمرات فراہم کریں۔ ان کالونیوں کو باقاعدہ بنایا جائے اور یہاں بھی تمام بنیادی ضروریات زندگی فراہم کی جائیں۔ ان لوگوں کو بھی باوقار زندگی جینے کا حق دیا جائے۔
بٹھنڈی اور سنجواں کے مکینوں کو درپیش مشکلات اور انتظامیہ کی ناانصافی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ یہ لوگ اپنی محنت کی کمائی سے بنائے گئے گھروں میں سکون سے زندگی گزارنے کے حقدار ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ان علاقوں کی جانب خصوصی توجہ دیں، یہاں کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنائیں اور مکینوں کو باوقار زندگی جینے کا حق دیں۔ جموں میونسپل کارپوریشن کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے اور ان علاقوں کی ترقی اور بہتری کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئے۔ جب تک یہ ناانصافی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، تب تک ان علاقوں کے مکینوں کی مشکلات کم نہیں ہوں گی۔ حکومت، سیاسی جماعتوں اور میونسپل کارپوریشن کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پہچانیں اور ان علاقوں کے لوگوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا