بنکر کی تعمیر اثر رسوخ والوں کے آنگن میں، مستحق لوگوں سے نا انصافی
لازوال ویب ڈیسک
مینڈھر//سرحدی علاقہ بالاکوٹ سے تعلق رکھنے والے کئی لوگوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابقہ مخلوط سرکار نے سرحدی علاقہ میں فائرنگ اور گولہ باری کو دیکھتے ہوئے علاقہ کے اندر بنکر بنانے کی تجویز بنائی تھی جس کے بعد بنکر وں کا کام بھی شروع کیا گیا لیکن اس وقت تک کہیں بھی کوئی بنکر تعمیر نہیں کیا گیا انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بنکروں کا کام سست روی کا شکار ہے جبکہ ان لوگوں کے گھروں کے پاس یا محلوں میں بنکر تعمیر کرنے کا کام شروع کیا ہوا ہے جو لوگ سیاسی اثر رسوخ رکھنے والے ہیں اور غریب لوگوں کے گھروں کو جان بوجھ کر چھوڑ دیا گیا ہے اس سلسلہ میں یوتھ لیڈر ظہیر خان کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کو بنکر کا فائدہ مل رہا ہے جو لوگ اثر رسوخ رکھنے والے ہیں یا نمبردار سرپنچ ممبر پنچائت یا کسی اچھے گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں ان کے محلوں میں یا گھروں کے پاس کام شروع کیا گیا ہے۔انھوں نے بالاکوٹ انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہ یہ سارا ڈرامہ انتظامیہ کروا رہی ہے کیونکہ بنکروں کا کام ہر محلہ کے اندر یا جہاںپر زیادہ خطرہ ہے اس گھر کے پاس بھی پختہ بنکر تعمیر کرنے تھے لیکن ایسا کچھ نہیں ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقہ کیلئے ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کے ساتھ بات کرکے بنکروں کا کام شروع کروایا تھا اور کروڑوں روپے بنکروں پر خرچے جا رہے ہیں لیکن لوگوں کو فائدہ ملنے والا نظر نہیں آ رہا ہے کیونکہ فائرنگ اور گولہ باری وقفے وقفے سے ہوتی رہتی ہے جس سے بڑی تعداد میں اس سے قبل لوگوں کا نقصان بھی ہوا ہے جس کے بعد انتظامیہ نے بنکروں کی تجویز بنائی تھی لیکن بنکر ایک تو سست روی کا شکار ہو گئے ہیں دوسرا اثر رسوخ رکھنے والے لوگوں کے گھروں اور محلوں میں بنکروں کا کام شروع کیا گیا ہے جو سراسر غریب عوام اور سرحدی پٹی پر بسنے والی عوام کے ساتھ نا انصافی ہے۔انھوں نے ضلع انتظامیہ اور ریاستی گورنر انتظامیہ سے ا پیل کی ہے کہ بنکروں کے کام میں تیزی لائی جائے اور جہاں جہاں پر ضرورت ہیں وہاں پر بنکروں کا کام شروع کیاجائے تاکہ فائرنگ اور گولہ باری کے دوران لوگوں کا جانی و مالی نقصان نہ ہوا۔اس سلسلہ میں جب محکمہ تعمیرات عامہ کے ایک آفیسر سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ بنکر ہر جگہ بنائے جائیں گے جہاں جہاں پر بنکروں کی ضرورت ہے ایسی کوئی بات نہیں ہے کے جہاں پر بنکر کی ضرورت ہے اس جگہ کو چھوڑ دیا جائے گا اور کام میں جلد تیزی بھی لائی جائے گی۔