برازیلیا، 8 جولائی (یو این آئی) برازیل کے صوبہ پرنامبوکو کی راجدھانی ریسیف شہر میں ایک عمارت گرنے سے کم از کم تین افراد کی موت ہوگئی اور بچوں سمیت 10 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ شہری دفاع اور فائر ڈپارٹمنٹ نے یہ اطلاع دی ہے۔
محکمہ نے کہا کہ جمعہ کی دوپہر تک ملبے میں ایک مرد، ایک عورت اور ایک نوجوان مردہ پائے گئے جبکہ دو افراد، ایک 65 سالہ خاتون اور ایک 15 سالہ بچے کو زندہ بچا لیا گیا۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا جب عمارت کا ایک بلاک مکمل طور پر جبکہ دوسرا جزوی طور پر گر گیا۔ عمارت میں گراؤنڈ فلور اور تین دیگر منزلیں تھیں،جن میں ہر ایک میں چار اپارٹمنٹس تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریسیف علاقے میں جمعرات کی رات سے شدید بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے فائر ڈیپارٹمنٹ کے لیے لاپتہ افراد کی تلاش مشکل ہو رہی ہے۔