سری نگر،11 اپریل (یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک ملی ٹنٹ ماڈیول کو بے نقاب کرکے لشکر طیبہ سے وابستہ ایک خاتون سمیت دو جنگجو معاونین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لاکر بارہمولہ کے پٹن علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو معاونین کو گرفتار کرکے ایک ملی ٹنٹ ماڈیول کو بے نقاب کر دیا۔
انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت فاروق احمد پرہ ولد غلام احمد پرہ ساکن پرہ محلہ پٹن اور سائمہ بشیر دختر بشیر احمد میر ساکن چنکی پورہ سوپور کے بطور کی۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شد گان کے انکشاف پر اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا جس میں ایک پستول،2 پستول میگزین، 5 پستول گولیاں، ایک آئی ای ڈی اور قریب دو کلو وزنی رموٹ کنٹرول آئی ای ڈی شامل ہے۔
پولیس بیان کے مطابق گرفتار شدگان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ لشکر طیبہ سے وابستہ سرگرم جنگجو عابد قیوم لون ساکن ووسن پٹن کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پٹن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔