نئی دہلی، // وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے دورہ کے دوران این سی سی کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا "تخلیقی صلاحیت، باہمی مہارت، جذباتی ذہانت اور حساسیت وہ خصوصیات ہیں جو مشینوں اور مصنوعی ذہانت کے موجودہ دور میں ایک شخص کوموزوں اور ملازمت کے قابل بنائیں گی”۔ دہلی کینٹ میں واقع یوم جمہوریہ کیمپ میں انہوں نے کیڈٹس کو ان خوبیوں سے آراستہ کرنے اور اگلی نسل کی رہنمائی کے لیے ان کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے لیے آج این سی سی کی ستائش کی۔
آج کی جدید ٹکنالوجی سے چلنے والے دور میں مصنوعی ذہانت کے عروج پر اپنی بصیرت کا اشتراک کرتے ہوئے مسٹر راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ وقت اور مزید ترقی کے ساتھ لوگ ان شعبوں میں اپنا کیریئر بنانے پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا شروع کر دیں گے جہاں مشینیں مطلوبہ کاموں کو انجام نہیں دے سکتیں۔ تاہم انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ اگر مشینیں جسمانی اور فکری کام انجام دے سکتی ہیں تو بھی وہ تخلیقی نہیں ہو سکتیں، شعور پیدا نہیں کر سکتیں اور انسانوں کی طرح باہمی مہارتیں پیدا نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا "این سی سی اپنے مختلف اقدامات اور پروگراموں کے ذریع کیڈٹس کو جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر مضبوط بنا کر، ان کی سماجی صلاحیتوں کو فروغ دے کر اور حب الوطنی اور قومی افتخار کے جذبات کو ابھار کر ان کی مجموعی ترقی کو یقینی بنا رہا ہے۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کیڈٹس کے لیے ان خوبیوں کو اپنانا بھی بہت ضروری ہے۔ اس سے انہیں ملک کی ترقی میں اپنا 100فیصد رول ادا کرنے میں مدد ملے گی۔”
اس موقع پر مسٹر راج ناتھ سنگھ نے این سی سی کیڈٹس کو ان کی مثالی کارکردگی اور فرض کے تئیں لگن کے لیے رکھشا منتری پدک اور توصیفی کارڈ دئیے۔ اس سال رکشا منتری پدک کرناٹک اور گوا ڈائریکٹوریٹ کے سینئر انڈر آفیسر مکاتیرا کلپنا کٹپا اور جموں کشمیر اور لداخ ڈائریکٹوریٹ کے جونیئر انڈر آفیسر دیچن چسکت کو دیئے گئے۔ راکشا منتری توصیفی کارڈ شمال مشرقی علاقہ ڈائریکٹوریٹ کے انڈر آفیسر امر مورنگ اور اتر پردیش ڈائریکٹوریٹ کے سینئر انڈر آفیسر جیوترمیا سنگھ چوہان کو دیئے گئے۔وزیر دفاع نے رکشا منتری نے تفویض خطابات تقریب کو ایک بھارت شریشٹھ بھارت کی بہترین مثال کے طور پر بیان کیا جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے کیڈٹس کی شرکت کا مشاہدہ کیا گیا۔
این سی سی کیڈٹس نے وزیر دفاع اور دیگر معزز مہمانوں کی موجودگی میں رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا۔مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کیڈٹس کی توانائی اور جوش و خروش کی ستائش کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔
اس سے پہلے وزیر دفاع نے این سی سی کے آرمی، بحریہ اور فضائیہ کے شعبوں کی نمائندگی کرنے والے کیڈٹس کے ذریعہ پیش کیے گئے ایک متاثر کن ‘گارڈ آف آنر’ کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد دی سندھیا اسکول، گوالیار کی جانب سے ایک بینڈ پرفارمنس پیش کی گئی۔ انہوں نے 17 این سی سی ڈائریکٹوریٹ کے فلیگ ایریا کا بھی دورہ کیا، جس میں سماجی بیداری کے مختلف موضوعات کو دکھایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ‘ہال آف فیم’ کا دورہ کیا، جس میں سابق طلباء کی تصاویر، ماڈل اور گزشتہ 75 برسوں میں این سی سی کی دیگر کامیابیوں کا مجموعہ ہے۔ اس موقع پر این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل گربیرپال سنگھ اور این سی سی اور وزارت دفاع کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔