مودی حکومت میں بڑھتی ہوئی لالچ اور بدعنوانی کی وجہ سے طلباء کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے:مقررین
نئی دہلی؍؍کانگریس نے جمعہ کو ملک کی مختلف ریاستوں کی راجدھانیوں میں میڈیکل داخلہ امتحان این ای ای ٹی کے پیپر لیک کو لے کر مظاہرہ کیا اور پیپر لیک کے ملزمین کو فوری طور پر سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔مدھیہ پردیش میں کانگریس کارکنوں نے ریاستی صدر جیتو پٹواری اور سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ کے ساتھ این ای ای ٹی پیپر لیک گھپلہ کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ مودی حکومت میں مسلسل پیپر لیک ہونے سے ملک کی بنیاد کمزور ہو رہی ہے۔ یہ لاکھوں طلباء کے ساتھ غداری اور ناانصافی ہے۔ چھتیس گڑھ میں سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے کارکنوں نے کہا کہ مودی حکومت میں بڑھتے ہوئے لالچ اور بدعنوانی کی وجہ سے طلباء کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔
اتر پردیش میں کانگریس کے کارکنوں نے ریاستی صدر اجے رائے کی قیادت میں پیپر لیک اسکام کے خلاف سخت احتجاج کیا اور کہا کہ آمرانہ حکومت چاہے کتنی ہی طاقت آزمائے، وہ ناانصافی کے خلاف ہماری آواز کو دبا نہیں سکے گی۔ این ای ای ٹی امتحان کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "یہ لڑائی ان تمام بچوں اور ان کے والدین کے لیے ہے جنہوں نے اپنے بچوں کو تعلیم دلانے کے لیے دن رات محنت کی۔ کچھ لوگ اس محنت کو چند روپے میں بیچنا چاہتے ہیں لیکن ہم اسے فروخت نہیں ہونے دیں گے۔
جموں و کشمیر میں کانگریس نے ریاستی صدر وقار رسول وانی کی قیادت میں مظاہرہ کیا اور کہا کہ کوچنگ سینٹر، امتحانی مراکز اور مودی حکومت مل کر طلبہ کا استحصال کر رہی ہے۔ مغربی بنگال میں ادھیر رنجن چودھری کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے این ای ای ٹی امتحان کے پیپر لیک گھپلہ کے خلاف احتجاج کیا اور کہا کہ پیپر لیک مودی حکومت میں ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
بہار کانگریس کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو آمر قرار دیا۔ جھارکھنڈ کے ریاستی صدر راجیش ٹھاکر کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں کارکنوں نے این ای ای ٹی امتحان لیک ہونے اور دھاندلی کے خلاف سخت احتجاج کیا اور کہا کہ مودی حکومت ملک کے ہونہار طلباء کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیل کر ان کے خوابوں کو روند رہی ہے۔