جدت اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں آئی پی آرز کے اہم کردار پر روشنی ڈالی
لازوال ڈیسک
جموں ؍؍لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج جموں میں دو روزہ قومی سطح کے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کنکلیو ’ آئی پی یاترا ‘ کا افتتاح کیا ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے مائیکرو ، سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائیزز اور پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی اجتماعی کوششوں اور اختراعات اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ آئی پی یاترا کنکلیو ایم ایس ایم ایز ، اختراع کاروں اور اسٹارٹ اپس کیلئے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کے مختلف آلات جیسے جی آئی ٹیگز، پیٹنٹ ، ٹریڈ مارک ، کاپی رایٹس کو اپنی تجارت اور کاروبار کے تحفظ اور ترقی کیلئے موثر طریقے سے استعمال کرنے کی رہنمائی کرے گا ۔ ‘‘ افتتاحی سیشن میں لفٹینٹ گورنر نے جدت کو فروغ دینے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کی منفرد مصنوعات کیلئے انٹلیکچوئل پراپرٹیز اور جغرافیائی اشارے جیسے غیر محسوس اثاثوں کو فروغ دینے کیلئے جموں و کشمیر انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ کی 10 مصنوعات اور زراعت اور اس سے منسلک شعبے کی پانچ مصنوعات کو جی آئی ٹیگ ملا ہے اور اس سے کمیونٹی کو فائدہ پہنچے گا اور ساتھ ہی جموں کشمیر کی اقتصادی ترقی کو بھی فروغ ملے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ میں انٹلیکچوئل پراپرٹیز کو جموں و کشمیر کی ترقی کیلئے ایک اتپریرک کے طور پر سمجھتا ہوں اور ہم اس کے تحفظ کے لئے ایک مضبوط ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور قانونی فریم ورک تیار کر رہے ہیں اور یو ٹی کا آئی پی سہولت کاری مرکز کاروباریوں ، ایم ایس ایم ایز ، اسٹارٹ اپ کو آئی پی آر فائل کرنے میں مدد فراہم کرے گا اور جدت پسندوں کی مدد کرے گا ۔لفٹینٹ گورنر نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور نوجوان صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ دانشورانہ املاک کی کمرشلائیزیشن پر خصوصی توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صلاحیتوں کو مکمل طور پر محسوس کرنے اور تخلیقی ہندوستان ، اختراعی ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آئی پی کی ترقی کو فروغ دینا چاہئیے ۔ انہوں نے جموں کشمیر میں اختراعات اور اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینے کیلئے یو ٹی کی یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کلیدی اقدامات کا بھی اشتراک کیا ۔ کمشنر سیکرٹری صنعت و تجارت مسٹر وکرم جیت سنگھ ، چئیر مین پی ایچ ڈی سی سی آئی جموں مسٹر راہول سہائے ، کو چئیر مین ایم ایس ایم ای کمیٹی پی ایچ ڈی سی سی آئی مسٹر ڈی پی گوئل اور دیگر متعلقین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔