سری نگر، // شاسترا سیما بل (ایس ایس بی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) دلجیت سنگھ چودھری نے اپنے دو روزہ دورہ کشمیر کے دوران سری نگر میں ایس ایس بی کی 10 ویں بٹالین کے جوانوں کے ساتھ رنگوں کا تہوار ہولی منایا۔
انہوں نے اس دوران لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ایس ایس بی اہلکاروں کی تعیناتیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور سری نگر میں سیکٹر ہیڈکوارٹرز (سپیشل آپرینشز) کے علاوہ کئی اہم مقامات کا دورہ کیا اور وادی میں ایس ایس بی تعیناتیوں کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔
موصوف ڈی جی نے اپنے خطاب کے دوران ایس ایس بی اہلکاروں کے درمیان اتحاد و ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے ان کے وادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اہم رول کو اجاگر کیا۔
انہوں نے وادی کشمیر جیسے چلینجنگ خطے میں ایس ایس بی اہلکارو ں کے عزم اور حوصلے کی سراہنا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جشن نہ صرف تہوار کا ایک لمحہ ہے بلکہ ایس ایس بی کی اپنے فرائض اور قوم کی خدمت کے اقدار کی توثیق بھی ہے۔
انہوں نے خطے میں امن و سلامتی بحال رکھنے کے غیر متزلزل عزم کے لئے ایس ایس بی کا شکریہ ادا کیا۔
ایس ایس بی کے ترجمان کے مطابق مسٹر چودھری نے اپنے دورے کے دوران ایس ایس بی اہلکاروں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور ان کے مسائل کو غور سے سن کر ان کو بر سر موقع ہی حل کیا۔