اپوزیشن کے طرز عمل سے ناراض دھنکھڑ نے کچھ دیر کے لیے چھوڑی نشست

0
0

کھڑگے نے پیرس اولمپکس میں خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کے واقعہ سے متعلق معاملہ اٹھانا چاہا
یواین آئی

نئی دہلی؍؍راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ جمعرات کو ایوان میں کانگریس کی قیادت والی اپوزیشن پارٹیوں کے طرز عمل سے اتنے پریشان ہوئے کہ وہ ناراض ہوکر کچھ دیر کے لیے نشست چھوڑ کر چلے گئے جیسے ہی چیئرمین نے ایوان میں قانون سازی کا کام شروع کرکے وقفہ صفر شروع کرنا چاہا ، اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے پیرس اولمپکس میں خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کے واقعہ سے متعلق معاملہ اٹھانا چاہا۔
چیئرمین نے انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جس پر اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی شروع کردی۔ ایوان میں ترنمول کانگریس کے لیڈر ڈیرک اوبرائن نے مشتعل ہوکر چلاتے ہوئے احتجاج کیا۔ اپوزیشن ارکان نے کچھ دیر کے لیے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔مسٹر دھنکھڑ نے مسٹر برائن کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار بار نشست کو چیلنج دیتے ہیں جو مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسٹر برائن نے اپنے طرز عمل کو بہتر نہیں کیا تو وہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر مجبور ہوں گے۔
چیئرمین نے اپوزیشن کے طرز عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مقدس ایوان کو انتشار کا مرکز بنانا، جمہوریت پر حملہ اور ملک کے وقار کو داغدار کرنا ناشائستہ طرز عمل ہے اور ایوان کے وقار کو پامال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح انہیں الفاظ، خطوط اور اخبارات کے ذریعے جس طرح سے چیلنج دیا جارہا ہے اور نامناسب تبصرے کیے جا رہے ہیں وہ غیر منصفانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیلنج انہیں نہیں بلکہ چیئرمین کے عہدے کو دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بعض ارکان سمجھتے ہیں کہ چیئرمین کے عہدے پر جو شخص فائز اس کے لائق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلف سے بھاگنے والے نہیں ہیں لیکن اب ان کے پاس ایک ہی متبادل ہے اور جس طرح سے ان کے ساتھ سلوک کیا گیا ہے اس کی وجہ سے وہ کچھ دیر یہاں نہیں بیٹھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ دکھی دل کے ساتھ جا رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ ایوان چھوڑ کر چلے گئے۔
اس سے قبل جب اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ایمرجنسی کے سیاہ باب کے بعد اس طرح کے نامناسب طرز عمل کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان سمجھتے ہیں کہ وہ ہی سمجھدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ونیش پھوگاٹ کے معاملے سے پورا ملک غمزدہ ہے، وہ خود اور وزیر اعظم سبھی اس معاملے سے دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پر سیاست کرنا اس لڑکی کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس کھلاڑی کو ہر طرح کی عزت اور مدد دی جائے گی۔ چیئرمین نے کہا کہ ایسے معاملات پر غیر جانبدارانہ موقف اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل جموں و کشمیر کے بجٹ پر بحث کے دوران جب اپوزیشن لیڈر نے ہاتھ اٹھا کر یہ مسئلہ اٹھانا چاہا تو وہ جاننا چاہتے تھے کہ وہ کس موضوع پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے لکھا کہ وہ ایک فوری مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ چیئرمین نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے اس نشست کو مہر سمجھ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کل بھی واک آؤٹ کرکے کروڑوں لوگوں کی توہین کی۔
ایوان کے لیڈر جگت پرکاش نڈا نے کہا کہ اپوزیشن کے رویے سے نشست اور جمہوریت کے وقار کو ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت نظام پر چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نشست کے ساتھ اس رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خود پر غور کرنے کا معاملہ ہے۔ یہ فائدے اور نقصان کا سوال نہیں ہے، پورا ملک ونیش کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے انہیں چیمپئن آف چیمپئنز کہا ہے۔ اسے فوائد اور نقصانات میں تقسیم کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے اپوزیشن کے پاس کوئی ایشو نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک ونیش کے ساتھ کھڑا ہے اور حکومت اور ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن نے ان کی طرف سے تمام کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف جذبات سے کام نہیں چلتا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا