پٹنہ //جے ڈی یو کے چیف ترجمان اور ایم ایل سی مسٹر نیرج کمار، ریاستی ترجمان اور سابق ایم ایل اے مسٹر راہول شرما اور ریاستی ترجمان مسز انجم آرا نے مشترکہ طور پر میڈیا سے خطاب کیا۔ اس دوران تینوں ترجمانوں نے ملک کا نام بدلنے کی مبینہ کوششوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کی۔ پارٹی کے ترجمانوں نے بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد ” انڈیا “ کے نام سے بی جے پی خوفزدہ ہو کر آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اپنی ممکنہ شکست کو دیکھ کر ملک کا نام بدلنے کی سازش کر رہی ہے۔پارٹی کے ترجمان نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام لگایا کہ انہیں اپوزیشن فوبیا ہو گیا ہے۔ اگر اپوزیشن کانام ’رام ‘ ‘ریوولیوشنری الائنس فار مینکائنڈ’ رکھ دیاجائے تو وہ اس نام سے بھی گریز کریں گے۔
بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام دشمن اور آئین مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی بابا صاحب بھیم راو ¿ امبیڈکر کی توہین کر رہی ہے اور آئین کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ پارٹی کے ترجمانوں نے الزام لگایا کہ سال 1948 میں دستور ساز اسمبلی نےINDIA, That is Bharat کی متفقہ قرارداد منظور کی تھی۔ ہمارے آئین کے آرٹیکل 1 میں اس کا ذکر ہے، لیکن کچھ سیاسی مفادات کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی ہمارے آئین اور آئین بنانے والوں کی توہین کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات کے لیے ملک بھر میں بنائے گئے اپوزیشن اتحاد سے سخت تشویش ہے اور سچائی یہ ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے انڈیا نام رکھنے سے بی جے پی کو چڑھ ہے جس کی وجہ سے انہیں انڈیا کے نام سے نفرت ہے۔
پارٹی ترجمان نے بی جے پی کی نیت پر سنگین سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آئین ساز اسمبلی میں سنگھ کے 6 لوگ شامل تھے، اگر انہیں انڈیاکے نام سے نفرت تھی تو انہوں نے اپنا منہ کیوں بند رکھا؟ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے آئین کے معمار بابا صاحب بھیم راو ¿ امبیڈکر نے سال 1948 میں ”INDIA, That is Bharat“ نام رکھا تھا تو ان لوگوں نے کچھ کیوں نہیں کہا؟
پریس سے خطاب کرتے ہوئے، دونوں ترجمانوں نے بی جے پی سے کچھ سنجیدہ سوالات پوچھے:
1۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کا کہنا ہے کہ انڈیا نام انگریزوں نے دیا ہے۔ ہم بھارتیہ جنتا پارٹی سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ ہندوستان کو واسکو ڈی گاما نے دریافت کیا تھا تو کیا واسکو ڈی گاما انگریز تھا؟ کیا بی جے پی کے پاس اتنا بھی علم نہیں ہے؟
2۔ بھارتیہ جنتا پارٹی سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا ملک کا نام تبدیل کرنا آئین ساز اسمبلی کی توہین نہیں ہے؟ کیا یہ بابا صاحب بھیم راو ¿ امبیڈکر کی توہین نہیں ہے؟
3۔ ہندو مہاسبھا کے شیاما پرساد مکھرجی، جوالا پرساد سریواستو، این بی کھرے، رگھو ویرا، جگت نارائن لال اور اے کے آر جےکر سمیت چھ افراد دستور ساز اسمبلی کے ممبر تھے۔ آخر ان لوگوں نے اس وقت اس سوال پر آواز کیوں نہیں اٹھائی؟ کیا سبھی ممبر مونی بابا تھے؟
4۔ شیاما پرساد مکھرجی کو بھی دستور ساز اسمبلی کے رکن کے طور پر شامل کیا گیا تھا لیکن انہوں نے بھی لفظ انڈیا کے حوالے سے اپنا اختلاف رائے جاری نہیں کیا تو کیا بی جے پی ان کی یوم پیدائش نہیں منائے گی؟
5۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کو بتانا چاہیے کہ شائننگ انڈیا، میک ان انڈیا، کھیلو انڈیا اور ان کی حکومتوں کے ذریعے چلائی جانے والی دیگر اسکیموں کے فروغ پر خرچ ہونے والی رقم کا ذمہ دار کون ہوگا؟
6۔ بی جے پی انڈیا کے نام پر چلنے والی اسکیموں کا نام کب ہٹارہی ہے؟ بھارتیہ جنتا پارٹی اس کی تاریخ بتائے؟ ساتھ ہی، کب تک ویب سائٹس سے ایسی اسکیموں کا نام ہٹارہی ہے، بی جے پی کو اس کا انکشاف کرنا چاہئے؟
7۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اسرو کے سائنسدانوں کی بھی توہین کی ہے، ایسے میں ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ بی جے پی ان سائنسدانوں سے کب معافی مانگ رہی ہے؟
8۔ بی جے پی کو 2014 سے اب تک گیان نہیں ہوا، وزیر اعظم کو کیدارناتھ غار میں جا کر بھی گیان نہیں ہوا۔ ایسے میں کیا بھارتیہ جنتا پارٹی ملک سے معافی مانگے گی؟