سرینگر ۔جموں شاہراہ پر2500مسافر ومال بردار گاڑیاں درماندہ ،مسافروں کو مشکلات کا سامنا
سرینگر؍ کے این ایس / محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ12روز تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کے بیچ تازہ برفباری وموسلادھار بارشوں کے سبب جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی وادی کا باقی ماندہ دنیا سے زمینی رابطہ منقطع رہا ۔سرینگر۔جموں شاہراہ پر2500مسافر ومال بردار گاڑیاں درماندہ ہیںجبکہ گاڑیوں میں سوار مسافر ،ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا ہے ۔ادھر مغل روڑ ،سرینگر ۔لہیہ شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہے ۔اس دوران سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔کشمیر نیوز سروس(کے این ایس ) تازہ برفباری و موسلادھار بارشوں کے سبب جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی سرینگر ۔جموں شاہراہ ٹریفک کی آوا جاہی کیلئے بند رہی ۔شاہراہ پر بدھ کے روز ڈگڈول اور رام سو کے مقام پر پسیاں اور چٹانیں کھسک آئیں تھیں ،جس کے بعد اس پر ٹریفک کی آوا جاہی بند کردی گئی ۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر پسیاں گرآنے کے بعد رکاوٹیں پیدا ہوگئیں ،جنہیں دور کرنے کیلئے کام جاری ہے ۔شاہراہ کی تجدیدو مرمت اور بحالی کا کام کرنے انجام دینے والی تعمیراتی ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر کئی مقامات پر ملبہ جمع ہوگیا ،جسے ہٹانے کیلئے مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لاگیا ہے ۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ جونہی فیلڈ عملے کی جانب سے اُنہیں ہری جھنڈی ملے گی ،شاہراہ پر ٹریفک کی آوا جاہی کو بحال کردیا جائیگا ۔ادھر مسلسل دوسرے روز بھی شاہراہ بند رہنے سے جواہر ٹنل کے آر پار2500سے زیادہ مسافر ومال بردار گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئیں ۔اطلاعات کے مطابق ان گاڑیوں میں سوار سینکڑوں مسافروں کیساتھ ساتھ ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔گاڑیوں میں درماندہ مسافر ،ڈرائیو ر اور کنڈیکٹر زیادہ تر گاڑیوں میں قیام کئے ہوئے ہیں ۔شدید سردی اور کھانے پینے کی چیزیں دستیاب نہ رہنے کی وجہ سے اُنہیں طرح طرح کی مشکلات کا سامنا ہے ۔ایس ایس پی ٹریفک رورل مظفر شاہ نے بتایا کہ ہری جھنڈی ملنے کے بعد درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت شاہراہ پر کل ملاکر 2500کے قریب گاڑیاں درماندہ ہیں جن میں ٹرکیں وغیرہ شامل ہیں ۔ادھر جمعرات کو دن بھر مطلع ابر آلود رہا ،تاہم مجموعی طور پر موسم خشک ہی رہا ۔سرینگر میں بدھ کی شام دیر گئے برفباری کا سلسلہ شروع ہواتھا،جو رات دیر گئے تک جاری رہا ۔سرینگر میں ایک انچ برفباری درج کی گئی ۔سرینگر کی زبرون پہاڑیوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ۔ادھر بالائی علاقوں اور پہاڑوں نے پہلے ہی سفید دوشالہ اوڑھ لیا ہے ۔پہاڑوں پر ہوئی برفباری کے سبب پوری وادی یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں ہے ۔ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں گرائوٹ ریکارڈ کی گئی جسکے نتیجے میں سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ۔لوگ سردی سے بچنے گر می کے آلات کا استعمال کررہے ہیں جبکہ روایتی لباس بھی زیب تن کیا گیا ،جس میں پھرن قابل ذکر ہے ۔ادھر موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں شہر سرینگر اور قصبہ جات میں سڑکیں جل تھل میں تبدیل ہوئیں جسکی وجہ سے لوگوں کو عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔اطلاعات کے مطابق تاریخی مغل روڑ اور سرینگر ۔لہیہ شاہراہ پر بھی ٹریفک کی آوا جاہی مسدود ہوکر رہ گئی ہے ۔ اس دوران تازہ برفباری و بارشوں کے نتیجے میں وادی کشمیر یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں آگئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ سردی سے بچنے کیلئے لوگ روایتی تدابیر اپنانے کے ساتھ ساتھ گرمی کے جدید آلات کا بھی استعمال کر رہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعہ سے موسمی صورتحال میں بہتری آنے کا قوی امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر موسمی صورتحال خشک رہنے کا قوی امکان ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات کے ناظم سونم لوٹس نے کہا کہ 10دسمبر تک موسمی صورتحال خشک رہنے کا قوی امکان ہے ۔