’انڈیا‘اتحاد این ڈی اے کو شکست دے گا: سی ڈبلیو سی ممبر جی اے میر

0
0

کہاآمریت، پارلیمانی جمہوریت پر حملہ ناقابل قبول اور قوم تبدیلی کی منتظر ہے
شاہ ہلال
کوکرناگ؍؍انڈیااتحاد 2024 کے لوک سبھاانتخابات میں اور مختلف ریاستوں میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو شکست دے گی۔ان خیالات کا اظہار یہاں کوکرناگ میں اپنے ایک بیان میں سی ڈبلیو سی ممبر جی اے میر نے کیا۔وہیںغلام احمد میر نے کہا کہ آمریت، پارلیمانی جمہوریت پر حملہ قوم کے لیے ناقابل قبول ہے اور قوم تبدیلی کی منتظر ہے ۔میر نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف شروع کیا جانے والا پروپیگنڈہ حقیقت کو تبدیل نہیں کرے گا اور نہ ہی این ڈی اے کی سراسر ناکامیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کو چھپائے گا جو کہ انتہائی بے روزگاری، عوام کے پیسے کی لوٹ مار اور این ڈی اے سے جڑے کچھ کارپوریٹس کو بااختیار بنانے کی ہوس کے لیے ذمہ دار ہیں۔ واضح رہے میر جنوبی کشمیر کے حلقہ ناگام کوکرناگ میں عوامی اور پارٹی کارکنوں کے ایک مشترکہ اجلاس سے تبادلہ خیال کر رہے تھے جہاں انہیں کانگریس پارٹی کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارے (سی ڈبلیو سی) کا رکن بننے کے بعد زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔غلام احمد میر نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ این ڈی اے ’انڈیا‘کے ہاتھوں آنے والی شکست کے بارے میں بے چین ہے، جو کہ ہندوستان کے 1.40 کروڑ عوام کی امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ میر نے کہا کہ انڈیا نہ صرف ایک اتحاد ہے، بلکہ یہ ایک انقلاب ہے، جو اتنا مضبوط ہے کہ قوم کو اس دلدل، اندھیرے، جبر، انتقامی سیاست سے باہر نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جسے اقتدار کی ہوس کے لیے این ڈی اے نے شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ این ڈی اے میں مایوسی اور شکست کا احساس نظر آرہا ہے، وہ عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے پر تلے ہوئے ہیں اور شکست سے بچنے کے لیے ناقص پالیسیاں لانے کی کوشش کرتے ہوئے مختلف دیگر مذموم اقدامات اختیار کر رہے ہیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا