اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں وکشمیر کے مجموعی سلامتی منظر نامے کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مر مو نے کورونا وائر س کو پھیلنے سے روکنے میں جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سلامتی ایجنسیوں کے رول کی ستائش کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے آج یہاں راج بھون میں ایک اعلیٰ سطحی سلامتی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران جموں وکشمیر کے مجموعی سلامتی منظر نامے کا جائزہ لیا۔انہوں نے کووِڈ۔19 کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کے رول کی تعریف کی۔میٹنگ میں ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر اور بصیر احمد خان ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ ، 15ویں کور کے کمانڈر بی ایس راجیو، سپیشل ڈی جی سی آر پی ایف ذوالفقار حسن ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ شالین کابرا، اے ڈی جی سی آئی ڈی ڈاکٹر بی سری نواسن ، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی مہیش ڈکشت ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ، آئی جی پی کشمیر وِجے کمار ، ایڈیشنل کمشنر ایس بی راکیش بنسل اور مختلف سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ڈی جی پی نے وادی کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی خاکہ پیش کرتے ہوئے یہاں امن اور استحکام بنائے رکھنے کے لئے سیکورٹی اقدامات پر تفصیلی سے روشنی ڈالی ۔ ڈی جی پی نے لیفٹیننٹ گورنر کو ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کو وڈ۔19 کے پھیلائو کو روکنے کے لئے کر رہے ہیں ۔لیفٹیننٹ گورنر نے امن دشمن عناصر پر کڑی نظر گزر رکھنے کے لئے باہمی تال میل پر زور دیا۔ انہوں نے ملی ٹنسی مخالف کارروایاں کامیابی کے ساتھ انجام دینے کے لئے جے اینڈ کے پولیس اور دیگر سلامتی دستوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دستے اپنے کام کاج کے ساتھ ساتھ وادی میں کووِڈمخالف کارروائیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔