افغانستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے

0
0

ہندوستان اور پاکستان میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے
یواین آئی

نئی دہلی/کابل؍؍افغانستان میں جمعرات کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے نہ صرف دارالحکومت کابل اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بلکہ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی اور پاکستان کے کئی شہروں میں بھی زمین لرز اٹھی۔جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے بتایا کہ افغانستان کے ہندوکش علاقے میں بین الاقوامی وقت کے مطابق 09:20 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ مرکز نے پہلے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.0 بتائی تھی جسے بعد میں 6.4 کر دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز سطح زمین سے 192.1 کلومیٹر کی گہرائی میں 36.52 ڈگری شمالی عرض البلد اور 70.71 ڈگری مشرقی طول البلد پر تھا۔ہندوستان کی راجدھانی دہلی، قومی راجدھانی خطہ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور کئی دیگر ریاستوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:50 بجے آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے شمالی ہندوستان کی بیشتر ریاستوں میں محسوس کیے گئے۔ قومی زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی شدت 6.0 بتائی ہے۔جموں،سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں چند سیکنڈ کے لیے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے، البتہ بعض مقامات پر لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔اس دوران پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ اور مشرقی صوبہ پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پاکستان کے نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر (NSMC) نے کہا ہے کہ جمعرات کے روز پاکستان کے کئی شہروں میں 6.0 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ فوری طور پر کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ عمارتوں اور کمپلیکس سے باہر نکل آئے۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا