ریاست میں حالات سازگارنہیں:سرتاج مدنی
کے این ایس
سرینگر افسپا کی منسوخی کے لیے حالات کو ناسازگار قرار دیتے ہوئے پی ڈی پی کے نائب صدر سرتاج مدنی نے کہا ہے کہ ریاست میں حالات ابھی موزون نہیں ہے۔ انہوںنے مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو اہم اور بنیادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی روز اول سے مسائل کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کررہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے ساتھ خصوصی بات کے دوران حکمران جماعت پی ڈی پی کے نائب صدر سرتاج مدنی نے افسپا کی منسوخی کو حالات کے ساتھ مشروط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قانون کو اگر چہ دیر یا سویر ریاست سے جانا ہے مگر اس وقت حالات اس کی منسوخی کے لیے مناسب اور سازگار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا بنیادی ایجنڈا ہے کہ ریاست سے افسپا کومنسوخ کیا جانا چاہیے ۔ ”پی ڈی پی کا ماننا ہے کہ افسپا جیسے قوانین کو منسوخ کیا جانا چاہیے۔ افسپا کی منسوخی ایجنڈا آف الائنس کا اہم ترین نقطہ ہے اور ہم نے ہمیشہ اس کی منسوخی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ڈی پی کا قیام ہی ایسے قوانین کی منسوخی کے لیے ہوا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ریاستی عوام ایک خوشگوار زندگی گزار سکیں“۔سرتاج مدنی نے کہا کہ مسائل کو ہمیشہ افہام و تفہیم کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے۔ ”پی ڈی پی کا بنادی فلسفہ ہی یہ ہے کہ ہم مسائل کو افہام وتفہیم کے ذریعے سلجھانا چاہتے ہیں۔ ہماری ابتداءسے ہی یہ مانگ رہی ہے اور آئندہ بھی پی ڈی پی مسائل کے حل کے لیے ڈائیلاگ پر زور دیتی رہے گی“۔ واضح رہے پی ڈی پی نے 2014کی الیکشن مہم کے دوران عوام سے ووٹ طلب کرنے پر انہیں یقین دلایا تھا کہ اگر پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو وہ ریاست میں افسپا جیسے قوانین کا خاتمہ یقینی بنائے گی جبکہ مخٰلوط حکومت میں شامل دوسری جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہمیشہ سے ہی ریاست میں افسپا کی منسوخی کی مخالفت کی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز مرکزی حکومت نے میگھالیہ سے بدنام زمانہ قانون افسپا کو منسوخ کردیا ہے جس کے بعد ریاست میں بھی مختلف طبقوں کی جانب سے اس قانون کو منسوخ کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔