زاہد نسیم منہاس-آئی پی ایس، ایس ایس پی، کمانڈنٹ ایس ڈی آر ایف دو بٹالین نے سلامی لی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس دو بٹالین جموں نے اپنا 12 واں یوم تاسیس بٹالین ہیڈکوارٹر جموں میںمنایا۔اس موقع پرزاہد نسیم منہاس-آئی پی ایس، ایس ایس پی، کمانڈنٹ ایس ڈی آر ایف دو بٹالین جموں نے بٹالین کوارٹر گارڈ کامعائنہ کیا اور سلامی لی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے افسر نے تمام افسران، جوانوں کو مبارکباد دی۔وہیںکمانڈنٹ ایس ڈی آر ایف نے بٹالین کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے سال 2023 میںخاص طور پر ایس ڈی آر ایف اہلکاروں کی طرف سے دریائے اْجھ، کٹھوعہ میں سیلاب کے دوران بچاؤ کارروائیوں میں شاندار کام کو سراہا جہاں ایک ہی دن میں مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے 98 افراد کو بحفاظت نکالا گیا ۔وہیں کمانڈنٹ نے دریائے چناب میں چلائے گئے ایک اورریسکیو آپریشن کا بھی ذکر کیا جہاں ایک خاتون کو ایس ڈی آر ایف نے زندہ بچایا۔ انہوں نے ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کی جانب سے انجام دی گئی سرگرمیوں کو خوب سراہا ۔افسر نے مختلف ریسکیو آپریشنز اور جوانوں کی طرف سے وقتاً فوقتاً انجام دیے گئے دیگر متعلقہ فرائض کے دوران دکھائی جانے والی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے لیے اہلکاروں کے کردار کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر دلجیت سنگھ ڈی وائی ایس پی،بٹالین کے ڈی وائی ایس پی اور اے ایس آئی سریندر سنگھ کو کمانڈنٹ نے ڈی جی پی میڈل 2022-23 سے نوازا۔اس دوران ایس ڈی آر ایف کے اہلکاروں نے آتشزدگی کے واقعہ کے دوران ہائی رائز بلڈنگس اور روپ وے برج سے پھنسے ہوئے متاثرین کو بچانے کا لائیو مظاہرہ بھی پیش کیا۔ علاوہ ازیں تقریب میں بڑی تعداد میں افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی ۔