انجمن ترقی اردو گلبرگہ کے جلسہ تقسیم انعامات سے کنیز فاطمہ اور ڈاکٹر سنیل پنوار کا خطاب
گلبرگہ // میں اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج کے لیے انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کی کاوشیں لائق ستائش ہیں، اس خیال کا اظہار محترمہ کنیز فاطمہ ایم ایل اے گلبرگہ شمال نے کیا ہے وہ آج انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کے زیر اہتمام انجمن کے خواجہ بندہ نواز ایوان اردو میں منعقدہ جلسہ تقسیم انعامات کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مخاطب کررہی تھیں۔ محترمہ کنیز فاطمہ نے مزید کہا کہ وہ انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کی موجودہ باڈی کی کارکردگی سے بیحد خوش ہیں۔ محترمہ کنیز فاطمہ نے ادبی تہذیبی مقابلہ جات کے انعقاد اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے طلبا و طالبات اور نئی نسل میں تحریر و تقریر کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین صدر انجمن، ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن اور دیگر ذمہ داران انجمن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور انجمن کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون دینے کا اعلان کیا۔ ممتاز اردو شاعر ڈاکٹر سنیل پنوار آئی ایف ایس چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس گلبرگہ نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے اظہار خیال کے دوران گلبرگہ کے اردو علمی ادبی تہذیبی تعلیمی ماحول کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ اردو زبان کو زندہ رکھنے کیلئے نئی نسل کو اردو سے واقف کروانے اور اردو رسم الخط کو باقی رکھنے کی ضرورت ہے انہوں نے اردو داں عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی دکانوں اداروں کے بورڈس میں اردو کو لازما شامل کریں اور اس سلسلہ میں اردو کی تمام تنظیموں کو منظم تحریک چلانے کیلئے آگے آنا چاہیئے۔ انہوں نے اردو کو دنیا کی سب شیریں تہذیبی اور ادب سے مالا مال زبان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اردو کے کئی الفاظ محاورے ہندی کے بشمول کئی زبانوں میں مستعار لئے گئے ہیں اردو زبان کی عظمت کے مسلمہ ہونے کا ثبوت یہ ہے کہ اہل ہندی امیر خسرو کو اپنا پہلا شاعر تسلیم کرتے ہیں ڈاکٹر سنیل پنوار نے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی کا نصب العین طے کرتے ہوئے نصب العین کے حصول کیلئے عزم مصمم کے ساتھ جہد مسلسل کریں گے تو کامیابی حاصل ہوگی انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کے تحت ماہ اگست و ستمبر میں منعقدہ ادبی و تہذیبی مقابلہ جات کے 58 انفرادی 24 ٹیم انعامات محترمہ کنیز فاطمہ ڈاکٹر سنیل پنوار کے ہاتھوں طلبا و طالبات کو تفویض کئے گئے ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین صدر انجمن نے جلسے کی صدارت کی انہوں نے ادبی تہذیبی مقابلہ جات کے وسیع پیمانے پر کامیاب انعقاد کے لیے انجمن کے تمام ذمہ داران کی مساعی کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ انجمن نے اپنی فعالیت کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ قبل ازیں کارروائی کا آغاز پروفیسر ڈاکٹر قاری عبد الحمید اکبر کی قرات کلام پاک سے ہوا جبکہ اسد علی انصاری نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا میر شاہ نواز شاہین نائب صدر انجمن نے خیر مقدم و تعارف پیش کیا۔ محمد مجیب احمد خازن انجمن نے تقسیم انعامات اور ڈاکٹر محمد افتخار الدین اختر معتمد تنظیمی نے جلسے کی بہترین نظامت کی۔ شاہدہ بیگم نے شکریہ ادا کیا۔ خواجہ پاشاہ انعامدار نائب صدر انجمن اور ڈاکٹر انیس صدیقی معتمد انجمن شہ نشین پر موجود رہے۔ طلبا و طالبات اولیائے طلبا کے علاوہ ادبا و شعرا اور باذوق سامعین کی کثیر تعداد نے جلسے میں شرکت کی۔