ریاستی سطح پر سیٹوں کے تال میل کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ
یواین آئی
نئی دہلی؍؍اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا الائنس نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے اپوزیشن اراکین کی معطلی کے خلاف جمعہ (22 دسمبر) کو ملک بھر میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے انڈیااتحاد کے رہنماؤں کی میٹنگ میں، اتحادی جماعتوں نے اگلے عام انتخابات میں جیت کے لیے مل کر کام کرنے اور ریاستی سطح پر سیٹوں کے تال میل کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میٹنگ کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ انڈیا اتحاد 22 دسمبر کو پارلیمنٹ سے اپوزیشن اراکین کی معطلی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرے گا۔ کانگریس کے ترجمان جے رام رمیش نے کہا، "راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے کل 151 اپوزیشن اراکین کو معطل کر دیا گیا ہے اور جیسا کہ کھڑگے جی نے کہا ہے، ہم 22 دسمبر کو ہر ریاست میں ایک ساتھ احتجاج کریں گے۔”میٹنگ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے، مسٹر کھڑگے نے یہ بھی کہا، "ہماری اہم فکر انتخابات جیتنا اور اتحاد کے اراکین کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اتحاد کے تمام لوگ مل کر کام کریں گے اور سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مقامی سطح پر بات چیت ہوگی اور اگر کوئی تنازع ہوا تو پارٹی کے مرکزی رہنما اسے حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تمام 28 جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی اور سب نے اجلاس کو موثر بنایا جس پر تمام جماعتوں کے رہنما مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میٹنگ کے بعد اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔اتحاد کے سربراہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے مل کر سیٹیں جیتنی ہیں پھر مل کر اپنے لیڈر کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو تین ریاستوں میں جیت کے بعد بی جے پی کا غرور بڑھ گیا ہے لیکن انڈیا اتحاد پہلے جیتے گا اور اس کے بعد اس بات پر غور کیا جائے گا کہ ممبران پارلیمنٹ اپنے لیڈر کا انتخاب کیسے کریں گے۔پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی میں زبردست کوتاہی کے معاملے پر سیاسی ہلچل کے درمیان انڈیا اتحاد کی چوتھی میٹنگ یہاں اشوک ہوٹل میں ہوئی۔کانگریس کی طرف سے مسٹر کھڑگے اور مسٹر جے رام رمیش کے علاوہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی اور تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں جنتا دل (یو) کے رہنما اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور پارٹی کے صدر راجیو رنجن سنگھ عرف لالن سنگھ، ترنمول کانگریس کے رہنما اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، پارٹی کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی، راشٹریہ جنتا دل کے لالو پرساد یادو اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجشوی یادو، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار اور سپریا سولے، عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور آدتیہ ٹھاکرے، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے سیتارام یچوری، کمیونسٹ پارٹی کے اے راجہ، آر ایس پی کے این کے پریما چندرن، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، جنرل سکریٹری رام گوپال یادو، ڈی ایم کے لیڈر اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن، لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ٹی آر بالو، نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی محبوبہ مفتی، راشٹریہ لوک دل کے سربراہ جینت چودھری، اپنا دل (کامیروادی) کے سربراہ کرشنا پٹیل، پلوی پٹیل اور دیگر کئی جماعتوں کے لیڈروں نے شرکت کی۔اس سے قبل انڈیا اتحاد کی تین میٹنگیں پٹنہ، بنگلورو اور ممبئی میں ہوئی تھیں۔ نومبر میں ہونے والے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے دوران انڈیا اتحاد کے درمیان تال میل کا فقدان تھا۔