امتحان کے دوران بنیادی سہولیات سمیت مناسب انتظامات کی ضرورت پر زور دیا
لازوال ڈیسک
ادھمپور//جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی طرف سے 28 جنوری 2024 کو اکائونٹس اسسٹنٹ فنانس کے عہدوں کے لیے او ایم آر پر مبنی تحریری امتحان کے انتظامات کا آج یہاں جائزہ لیا گیا۔یہاں ڈی سی آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ڈپٹی کمشنر سلونی رائے کی صدارت میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں امتحان کے انتظامات کو بغور حتمی شکل دی گئی۔ضلع میں 23 مقررہ مراکز پر 7408 امیدواروں کی شرکت متوقع ہے۔ ڈی سی نے پینے کے پانی، صفائی ستھرائی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات سمیت مناسب انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔ منصفانہ اور بغیر کسی رکاوٹ کے امتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لیے مجسٹریٹس، سنٹر سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، مبصرین، اور تفتیش کاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ محکمہ ٹریفک پولیس کو موثر ٹریفک مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔میٹنگ میں ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر گھن شام سنگھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جوگندر سنگھ جسروٹیا، ایڈیشنل ایس پی انوار الحق، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو رفیق جرال اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔