نئی دہلی،// پریس اینڈ میگزینز رجسٹریشن (پی آر پی) ایکٹ 2023 نافذ ہو گیا ہے اور اس کے نتیجے میں اخبارات اور رسائل کا رجسٹریشن اب پریس سیوا پورٹل کے ذریعے آن لائن ہو گا۔
ڈیجیٹل انڈیا کے مطابق نیا ایکٹ ملک میں اخبارات اور دیگر میگزینوں کے رجسٹریشن کی سہولت کے لیے ایک آن لائن سسٹم فراہم کرتا ہے۔ نیا نظام موجودہ دستی اور بوجھل عمل کی جگہ لے لیتا ہے جو ناشرین کے لیے غیر ضروری مشکلات پیدا کر رہے تھے۔
قبل ازیں، اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے نئے ایکٹ کے مطابق درخواستیں وصول کرنے کے لیے پریس رجسٹرار جنرل کا ایک آن لائن پورٹل پریس سیوا پورٹل لانچ کیا تھا۔
پریس سیوا پورٹل پیپر لیس پروسیسنگ کو یقینی بناتا ہے اور اس میں ای سائن کی سہولت، ڈیجیٹل ادائیگی کا گیٹ وے، فوری ڈاؤن لوڈ کے لیے کو آر کوڈ پر مبنی ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس، پرنٹنگ پریس کے ذریعے معلومات فراہم کرنے کا آن لائن سسٹم، ٹائٹل کی دستیابی کے امکانات کا فیصد، رجسٹریشن تک آن لائن رسائی، تمام پبلشرز کے لیے ڈیٹا، سالانہ اسٹیٹمنٹ فائلنگ وغیرہ جیسی خدمات فراہم کرتا ہے۔